ڈوڈہ ضلع میں موسلا دھار بارش سے معمولات زندگی متاثر درجنوں تعمیرات کو پہنچا نقصان، متعدد دیہات میں پانی، بجلی و سڑک نظام متاثر ،کئی عارضی پل بہہ گئے

اشتیاق ملک

ڈوڈہ //جمعرات کی دوپہر ڈوڈہ ضلع میں موسلا دھار بارش کا سلسلہ شروع ہوا جو سہ پہر تک جاری رہی۔ شدید بارش کی وجہ سے جہاں ایک بار پھر سے ندی نالوں میں پانی کی سطح میں اضافہ ہوا اور پانی کی درجنوں سکیمیں سیلابی ریلے میں بہہ گئیں وہیں ڈوڈہ ٹھاٹھری شاہراہ سمیت بھدرواہ، گندوہ و دیگر مضافات کی رابطہ سڑکیں زیر آب آگئیں۔اس دوران چلی پنگل ،جطوطہ ،چنگا ،کلہوتران ،کاہرہ ،چرالہ ،فیگسو ،بونجواہ و دیگر علاقوں میں فصلوں، پھلوں و دیگر زرعی شعبے کو بھی بھاری نقصان پہنچا ہے۔سابق سرپنچ سنو عشرت علی نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ متواتر بارشوں سے جہاں کئی تعمیرات کو نقصان پہنچا ہے وہیں رابطہ سڑکیں، پگڈنڈی راستے و گلی کوچے تباہ ہوئے ہیں اور کسانوں و زمینداروں کی فصلوں و زمینوں کا بھی نقصان ہوا ہے۔انہوں نے کہا سیلاب کی وجہ سے پانی کی درجنوں اسکمیں ناکارہ ہوئیں ہیں جس کے نتیجے میں لوگوں کو پینے کے صاف پانی کی کمی پائی جارہی ہے۔ سرپنچ پنچائت چنمپل امریکا دیوی نے کہا کہ بھاری بارشوں سے بگلی چنمپل سڑک خستہ حال ہوئی ہے اور زرعی شعبے کو بھی بھاری نقصان پہنچا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ دنوں سڑک بند رہنے سے ایک خاتون کی راستے میں ہی موت ہوئی۔انہوں نے کہا کہ ندی نالوں میں پانی کی بہاؤ میں اضافہ ہونے سے کئی مقامات پر لکڑی کے عارضی پل سیلاب میں بہہ گئے ہیں اور بجلی کے ترسیلی نظام کو بھی نقصان پہنچا ہے ۔ڈی ڈی سی کونسلر کاہرہ معراج الدین ملک و بی ڈی سی چیئرمین چنگا محمد عباس راتھر نے ضلع و مقامی انتظامیہ سے سیلاب متاثرین کی معقول مالی امداد فراہم کرنے و پانی، بجلی، سڑک و پکڈنڈی راستوں کی مرمت کا مطالبہ کیا ہے۔