ڈوڈہ، رام بن اور کنگن میں حادثے ۔6سالہ کمسن سمیت 3افراد لقمہ اجل

 اشتیاق ملک +نواز رونیال +غلام نبی رینہ

ڈوڈہ +رام بن +کنگن//ڈوڈہ،رام بن اور کنگن میں پیش آئے حادثات میں 6برس کے کمسن سمیت 3افراد کی موت ہوئی ۔ڈوڈہ کشتواڑ شاہراہ پر پریم نگر کے نزدیک مرغوں سے لدا ٹاٹا موبائل حادثہ کا شکار ہوا جس کے نتیجے میںایک شخص جاں بحق و جبکہ ایک شدید زخمی ہوا۔ صبح ڈوڈہ سے کشتواڑ کی طرف جارہا مرغوں سے لدا ٹاٹا موبائل زیر نمبر JK06B-6047 شبنوتھ پریم نگر کے نزدیک حادثہ کا شکار ہو کر دریائے چناب کے کنارے جاگرا جس میں سوار مرتضی احمد ولد جمشید احمد ساکن ڈوڈہ موقع پر ہی لقمہ اجل بن گیاجبکہ فیضان احمد ولد محمد اقبال نائیک ساکن ڈوڈہ شدید زخمی ہوا۔ حادثہ کے فورا بعد پولیس و مقامی لوگوں نے بچا ئوکارروائی شروع کی جس دوران جاں بحق نوجوان کی لاش و زخمی شخص کو گورنمنٹ میڈیکل کالج ڈوڈہ منتقل کیا گیا۔ادھرقصبہ رام بن میں منگل کی دوپہر فلائی اوور پر جاری تعمیراتی کام میں مصروف ایک مزدور نیچے گر گیا ، جس کی وجہ سے وہ موقع پر ہی لقمہ اجل بن گیا۔متوفی کی شناخت سریش کمار ولد ارجن سنگھ ساکن چندرکوٹ کے بطور ہوئی۔مذکورہ مزدور گیمن تعمیراتی کمپنی کیساتھ کام کرتا تھا۔ادھر کنگن گاندربل میں تیز رفتار ٹاٹا موبائل زیر نمبر JK02A/7970 نے 6سالہ کمسن عمران احمد کھٹانہ ولد نصیر کھٹانہ کو ٹکر مار ی جس کے نتیجے میں بچے کے سر میں شدید چوٹ آئی اور وہ موقع پر ہی لقمہ اجل بن گیا ۔کمسن بچے کی لاش کو پرائمری ہیلتھ سنٹر گنڈ میں لاکر پولیس نے قانونی لوازمات کے بعد لواحقین کے حوالے کردی پولیس نے اس سلسلے میںکیس درج کیا ہے۔