ڈنگڈورو حادثہ میں ڈمپرڈرائیور ہلاک،شالیمار میں خاتون زخمی عاصف بٹ

کشتواڑ//ضلع کشتواڑ کے ڈنگڈورو علاقہ میں پروجیکٹ سائٹ کے قریب کمپنی گاڑی حادثے کا شکار ہوئی جس میں ڈرائیور جاںبحق ہوا۔ تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ ڈنگڈورو میں پکل ڈول پاورپروجیکٹ تعمیر کررہی کمپنی علی بابا کے ساتھ منسلک ڈمپر کو پیش آیا جب ڈمپر دریا کے کنارے مٹی پھینک رہاتھا جس دوران ڈمپر دریا میں بہہ گیا۔ ا س میں سوار ڈرائیور کی موقعہ پر ہی موت ہوئی جبکہ قریب ایک گھنٹے بعد پولیس و مقامی لوگوں کی مدد سے اسے دریا سے نکالاگیا۔ ڈرائیور کی شناخت ششی کمار ساکنہ جموں کے طورہوئی ہے۔ نعش کو قانونی لوازمات مکمل کرنے کے بعد ورثا کو سونپا جائے گا۔ادھر کشتواڑ کے شالیمار علاقہ میں بعد دوپہر گاڑیوں کی آپسی ٹکر میں ایک خاتون شدید زخمی ہوئی جسے علاج ومعالجے کیلئے ضلع ہسپتال منتقل کیاگیا جہاں اسکا علاج جاری ہے۔