ڈاکٹر فاروق کی گھر میں پرچم کشائی کہا سبھی فرقوں کیساتھ یکساں سلوک ضروری

نیوز ڈیسک

سرینگر// نیشنل کانفرنس صدرو رکن پارلیمان ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے اپنی رہائش گاہ واقع گپکار روڑ پر یوم آزادی کے سلسلے میں قومی پرچم لہرایا اور مختصرخطاب کیا۔ ڈاکٹر فاروق نے کہا کہ ’’آج ہم دیش کی 75ویں سالگرہ منا رہے ہیں، اس سے قبل دیش پر انگریزوں کا راج تھا اور ہم اُن کے غلام مانے جاتے تھے، جن انگریز حکمرانوں نے ہمارے ملک پر 200سال تک حکمرانی کی عوام پرطرح طرح کے مظالم، جبر استبداد کے پہاڑ ڈھائے اور اس دوران بے شمار قیمتی جانوں کا اتلاف ہوا ۔اس تحریک آزادی میں محب وطن اور قوم پرست رہنما کے دلوں میں ہر فرقے کے لوگوں کیلئے پُرخلوص ہمدردیاں اور یکساں برتائو کا جذبہ تھا ۔مہاتما گاندھی، آنجہانی پنڈت جواہر لعل نہرو، مرحوم مولانا عبدالکلام آزاد اور دیگر رہنمائوں نے آزاد ہند کی تحریک چلائی اور ان رہنمائوں بشمول بڑی تعداد میں لوگوں کو جیل خانوں اور جلائی وطنی کا بھی سامنا کرنا پڑا اور آخر کار عوام کی فتح ہوئی اور سامراج انگریز ہندوستان چھوڑ کر چلا گیا۔ ڈاکٹر عبداللہ نے کہا کہ یہ اُسی صورت میں ممکن ہوا جب پورے ملک کے لوگ متحد تھے اور سب کے دلوں میں آپسی محبت اور ایک دوسرے کیلئے نیک ادارے تھے۔ آزادی کے بعد ہمارا ملک ترقی کرتا رہا اور اس قدر خودکفیل بن گیا ہے کہ ہم مصیبت کے مشکلات کے وقت دوسرے ممالک کی مدد کیلئے بھی پیش پیش ہوتے ہیں۔ ڈاکٹر فاروق نے کہا کہ ملک کی سالمیت ،آزادی اور تعمیر و ترقی کی رفتار اُسی صورت میں ممکن ہے جب سبھی فرقوں کے لوگوں کیساتھ یکساں برتائو ہوگا اور سب متحد ہونگے۔