چھونگاں تاہنڈیاں گلی سڑک لوگوں کیلئے درد سر بن گئی | غیر معیاری تارکول بچھانے کا الزام ،کارروائی کا مطالبہ

جاوید اقبال
مینڈھر // مینڈھر سب ڈویژن کے دور دراز دیہات کو سب ڈویژن ہیڈ کوارٹر کیساتھ جوڑنے کیلئے تعمیر ہوئی چھونگاں ۔ہنڈیاں گلی رابطہ سڑک پر متعلقہ حکام کی جانب سے انتہائی غیر معیاری تارکول بچھائی گئی جس کی وجہ سے کچھ ہی دنوں میں سڑک کھڈوں میں تبدیل ہونا شروع ہو گئی ہے ۔غور طلب ہے کہ محکمہ پی ڈبلیو ڈی کے زیر تحت تعمیر ہوئی 5کلو میٹر رابطہ سڑک پر محکمہ کی جانب سے تار کول بچھائی گئی ہے جو کہ کام ختم ہونے سے قبل ہی اکھڑ چکی ہے ۔محمد شکیل ،نظیر حسین اورمحمد بشیر نامی مقامی افراد نے محکمہ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ بغیر موسم دیکھے تار کول بچھائی گئی جو کہ خراب ہو چکی ہے ۔اس دوران ایس ڈی ایم مینڈھر جہانگیر خان نے علاقہ کا دورے کرتے ہوئے تعمیر اتی عمل بالخصوص بچھائی گئی تار کول کا معائینہ کیا ۔مقامی لوگوں نے آفیسر موصوف سے مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ غیر معیاری تعمیرات میں ملوث ملازمین و آفیسران کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے جبکہ رابطہ سڑک کو ٹھیک بھی کروایا جائے ۔دوسری جانب ایس ڈی ایم نے بتایا کہ غیر معیاری کام کے سلسلہ میں تحقیقات کیلئے لکھ دیا گیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ تار کو ل غیر معیاری بچھائی گئی ہے جبکہ اس سلسلہ میں کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔