چھترال نالے پر رابطہ پل 8برسوں بعد بھی تعمیر نہ ہو سکا  مڈل سکول کے طلباء و عام لوگوں کی نقل و حرکت متاثر ،توجہ کی اپیل 

جاوید اقبال 

مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژں کے چھترال علاقہ میں ایک نالے پر پل کی مرمت منہدم ہونے کے 8برسوں بعد بھی ممکن نہیں بنائی جاسکی جس کی وجہ سے عام لوگوں و سرکاری سکول کے طلباء کو دریا عبور کرنے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ 2014میں آئے سیلاب کے دوران گور نمنٹ مڈل سکول ہٹیا ں کے قریب نالے پر بنایا گیا پل منہدم ہو گیا تھا جس کی وجہ سے مڈل سکول میں لوہر کالابن کے علاقہ سے آنے والے بچوں کیساتھ ساتھ عام لوگوں کی نقل و حرکت متاثر ہو ئی تھی ۔انہوں نے کہاکہ اس کے بعد اس وقت تک متعلقہ حکام کی جانب سے پل کی مرمت کیلئے کوئی قدم نہیں اٹھایا گیا تاہم انتظامیہ کی لاپرواہی سے مجبور ہو کر مکینوں نے ذاتی طورپر عارضی راستہ بنایا ہے تاہم آئندہ برسات میں مذکورہ راستے کے ٹوٹنے کا خدشہ بھی ہے ۔مقامی لوگوں نے ضلع انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ ڈھانچے کے منہدم ہونے کے کئی برسوں بعد بھی نہ تو اس کی مرمت کیلئے کوئی قدم اٹھایا گیا ہے اور نہ ہی متعلقہ حکام کو اس سلسلہ میں کوئی حکم جاری کیاگیا ہے ۔انہوں نے ضلع انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ آئندہ برساتی موسم سے قبل ہی پل کی تعمیر کو ممکن بنانے کیلئے متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کی جائیں تاکہ برسات میں بچوں کی نقل و حرکت اور تعلیمی عملی متاثر نہ ہو۔