چوری کی مختلف وارداتوں میں ملوث 6 افراد گرفتار ڈوڈہ و بھدرواہ سے بھاری مالیت کا سامان بھی برآمد

اشتیاق ملک

ڈوڈہ// پولیس نے ڈوڈہ ضلع کے مختلف مقامات پر پیش آئی چوری کی الگ وارداتوں میں ملوث چھ (6)چوروں کو گرفتار کیا ہے اور ان کے قبضے سے چوری شدہ بھاری مالیت کا سامان برآمد کیا ہے۔ڈوڈہ پولیس کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق کھیلانی پارک سے بی ڈی اے کے لوہے کے بنچوں کی چوری کی شکایت کی بنیاد پر پولیس اسٹیشن بھدرواہ میں ایف آئی آر نمبر 28/2023 درج کیا گیا۔ دوران تفتیش پولیس نے اپنے ذرائع کو متحرک کیا اور پی ایس آئی روشن لال کی سربراہی میں پولیس چوکی بھلہ کی ٹیم نے تین ملزمان کو گرفتار کیا جن کی شناخت عاقب جاوید ولد محمد فاروق، محمد عرفان ولد محمد شریف و جاوید احمد ولد عبدالرشید ساکنہ سورہ بھلہ کے طور پر ہوئی ہے۔ان تینوں نے پوچھ گچھ کے دوران چوری میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا اور مسروقہ مال برآمد کر لیا گیا۔اسی نوعیت کے ایک اور واقعہ میں ٹاٹا موبائل زیر نمبری JK06B-4612 چوری ہونے پر ڈوڈہ تھانہ میں ایف آئی آر نمبر 38/2023 و ایف آئی آر نمبر 49/2023 متعلقہ دفعات کے تحت درج کی گئی جس کے بعد پی ایس ڈوڈہ میں تشکیل دی گئی پولیس ٹیموں نے مختلف علاقوں میں تلاشی لی اور کچھ سراغ ملنے کے بعد محمد رفیق ولد محمد صابر بٹ ساکنہ سکوان ڈوڈہ ،الطاف حسین ولد اختر حسین ساکن بگرنی پل ڈوڈہ و مزمل خان ولد برکت علی ساکنہ حمیر پورہ شیوا کو گرفتار کیا اور پوچھ گچھ کے دوران انہوں نے چوری کی وارداتوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا اور گرفتار چوروں کے انکشاف پر ڈوڈہ علاقہ میں مختلف مقامات سے JIO کمپنی کے چوری شدہ کھمبے برآمد کئے گئے۔پولیس نے چوروں کے خلاف اپنی کارروائی جاری رکھتے ہوئے مزید تحقیقات شروع کیں ہیں۔