چلۂ کلان رخصت، چلۂ خورد برا جمان | 4 فروری تک موسم خشک رہنے کی پیش گوئی

اشفاق سعید
سرینگر //وادی میں ہوئی حالیہ برف باری کے ساتھ ہی چلہ کلان رخصت ہو چکا ہے اور اب یکم مارچ تک اہلیان وادی کو چلہ خورد اور چلہ بچہ کا سامنا کرنا پڑے گا ۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ وادی میں 4فروری تک موسم خشک رہے گا ۔29سے30جنوری کی شام تک موسم ابتررہنے کے بعدمحکمہ موسمیات نے منگل کے روز جموں و کشمیر میں 4 فروری تک موسم خشک رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔اور ساتھ ہی کہا ہے کہ آئندہ 10 دنوں میں بھاری برفباری کے امکانات نہیں ہے تاہم موسم دُھندلا رہنے کے ساتھ ساتھ ہلکی بارشیں اور برفباری ہوسکتی ہے۔اس دوران محکمہ موسمیات نے بتایا کہ برف باری کے بعد کم سے کم درجہ حرارت میں بہتری آئی ہے ۔محکمہ موسمیات کے ترجمان کے مطابق سرینگر میں درجہ حرارت 0.0 ، قاضی گنڈ میں منفی 0.4 ، پہلگام میں منفی 4.7 ، کوکرناگ میں منفی 0.8 ، گلمرگ میں منفی 4.6 اورکپواڑہ قصبے میں پارہ منفی 0.4 ڈگری سینٹی گریڈ پر ٹھہرا ۔ترجمان نے بتایا کہ جموں میں 24 گھنٹوں کے دوران 26.6 ملی میٹر بارش ہوئی اور کم سے کم درجہ حرارت 7.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ رات 10.4 ڈگری سینٹی گریڈ تھا۔