چاڈورہ میں تیندوا پکڑا گیا کرناہ میں 10بھیڑوں کی چیر پھاڑ

 ارشاد احمد+اشرف چراغ

بڈگام +کپوارہ// چاڈورہ سے ملحقہ گائوں میں ایک تیندوے کو محکمہ جنگلی حیات نے پکڑنے میں کامیابی حاصل کی۔دولت پورہ میںپچھلے چند روز سے ایک تیندوا گھوم پھر رہا تھا جس کی وجہ سے علاقہ مکینوں میں خوف ہراس تھا۔منگل کی صبح فاروق احمد خواجہ ولد علی محمد کے صحن میں تیندوا کی موجودگی دیکھی گئی اور تیندوا صحن میں موجود گاڑی کے نیچے بیٹھا ہوا تھا۔اس موقعہ پر پولیس اورمحکمہ جنگلی حیات کا عملہ انچارج بشیر احمد بٹ کی قیادت میں موقع پر پہنچ گیا اور تیندوے کو پکڑنے میں کامیابی حاصل کرکے اسے داچھی گام پارک منتقل کر دیا گیا۔ادھر قاضی آ باد کپوارہ سے لیکر کرناہ تک جنگلی جانورو ں نے دہشت مچا دی ہے ۔منگل کے روز کرناہ کے گنڈ گجراں میں ایک تیندوے نے لال دین کے 10بھیڑیں چیر پھا ڑ کیں ۔لال دین نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ پیر رات دیر گئے تیندوا ان کے گائو ں خانے میں داخل ہو گیا جہا ں 10بھیڑوں کی چیر پھا ڑکی ۔ لنگیٹ ،کرالہ گنڈ ،خمریال ،بٹہ پورہ ،روات پورہ ،ٹھنڈی پورہ اور دیگر علا قوں میں ریچھ گھوم رہے ہیں۔مقامی لوگو ں کا کہنا ہے کہ محکمہ وائلڈ لائف نے پنجرے نصب کئے ہیں۔