چارسرکاری افسران نوکریوں سے برطرف | سائنسدان، اسسٹنٹ پروفیسر،  کے اے ایس آفیسر اور آئی ٹی منیجر شامل

بلال فرقانی
سرینگر//جموں کشمیر انتظامیہ نے مزید 4ملازمین کو نوکریوں سے برطرف کردیا ہے۔ ان میں کشمیر یونیورسٹی کے ایک سائنسدان،ایک اسسٹنٹ پروفیسر،خاتون KASآفیسر اور ایک آئی ٹی منیجرشامل ہیں۔ان چاروں پر الزام ہے کہ وہ ملک مخالف سرگرمیوں میں مبینہ طور پر ملوث ہیں۔سرکاری حکم نامہ کے مطابق ’’جموں وکشمیر حکومت نے آئین ہند کی دفعہ 311 ، شق (2) کے پروویزو کی ذیلی شق (c) کے تحت 4سرکاری ملازموں کو مبینہ ملک مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے الزام میں نوکریوں سے بر طرف کرنے کے احکامات صادر کئے ہیں‘‘۔ برطرف کئے جانے والے ملازمین میں کشمیر یونیورسٹی کے شعبہ کمپیوٹر سائنس کے سائنس دان ڈاکٹر محیط احمد بٹ، ولد غلام رسول بٹ ساکن آرہ بل شالیمار شعبہ منیجمنٹ اسٹیڈیز کے سینئر اسسٹنٹ پروفیسر ماجد حسین قادری ولد خورشید احمد قادری، جے کے ای ڈی آئی کے آئی ٹی منیجر سید عبد المعید اور محکمہ دیہی ترقی کی پبلسٹی ونگ کی سربراہ کشمیر ایڈ منسٹریٹو آفیسرالصبح الارجمند خان شامل ہیں۔سید عبدالمعید، صلاح الدین کے بیٹے ہیں، جبکہ الصبح الارجمند ، سابق لبریشن فرنٹ کمانڈر فاروق احمد ڈار المعروف بٹہ کراٹے کی اہلیہ ہیں۔ ارجمند خان کے حکم نامہ میں کہا گیا ہے’’ محترمہ خان، بسم اللہ کالونی، نسیم آباد، حضرت بل، ضلع سرینگر، کی ملازمت سے برطرفی آئین ہند کے آرٹیکل 311 کی شق (2) کے پروویزو کی ذیلی شق (c) سے ہو رہی ہے‘‘ ۔سرکاری حکمنامے کے مطابق دستیاب معلومات کی بنیاد پر اور کیسوں کے حقائق و حالات کا جائزہ لینے کے بعد لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کو اطمینان ہوا ہے کہ مذکورہ ملازموں کی سرگرمیاں اس نوعیت کی ہیں کہ انہیں نوکریوں سے بر طرف کر دیا جائے۔