پی ایچ سی خواص لوگوں کیلئے درد سر | خالی اسامیاں و تعینات ملازمین کی مبینہ لاپرواہی سے مریض پریشان

سید زاہد
کوٹرنکہ//کوٹرنکہ سب ڈویژن کی خواص میں تحصیل میں قائم کردہ پرائمری ہیلتھ سنٹر خواص میں خالی آسامیوں و تعینات ملازمین کی مبینہ غیر حاضری کی وجہ سے عام لوگوں کو خطہ کے دیگر سرکاری ہسپتالوں و نجی کلینکوں میں دربدر ہوناپڑرہا ہے ۔مقامی لوگوں نے جموں وکشمیر حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ پسماندہ دیہات میں قائم کردہ طبی اداروں میں بنیادی سہولیات ہی فراہم نہیں ہیں جبکہ کئی ایک اسامیاں خالی پڑی ہوئی ہیں تاہم تعینات ملازمین بھی اپنی ڈیوٹی پر حاضر نہیں رہ رہے ہیں جس کی وجہ سے معمولی بیماریوں کیلئے بھی غریب لوگوں کو دربدر کی ٹھوکریں کھانا پڑرہی ہے ۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ پرائمری ہیلتھ سنٹر خواص میں تعینات ملازمین اکثر غیر حاصر رہتے ہیں تاہم متعلقہ محکمہ کے اعلیٰ آفیسران سے شکایت کرنے کے باوجود بھی کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا جارہا ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ ایمبولینس کے ڈرائیور سے لے کر تمام ملازمین اپنی مرضی کیساتھ ڈیوٹی پر حاضر ہوتے ہیں تاہم محکمہ صحت کے اعلیٰ آفیسران بھی اس جانب کوئی دھیان نہیں دے رہے ہیں ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ طبی مرکز میں صحت نظام کو بہتر بنانے کیلئے ملازمین کو جوابدہ بنایا جائے ۔متعلقہ محکمہ کے ایک اعلیٰ آفیسر نے اس بات کا اقرار کرتے ہوئے کہاکہ کچھ ملازمین غفلت کا مظاہرہ کررہے ہیں تاہم اس سلسلہ میں سنجیدگی کیساتھ قدم اٹھائے جائینگے ۔