پی ایس اے قیدیوں کی رہائی عمل میں لائی جائے  |  نوجوان تعمیر و ترقی چاہتے ہیں،تشدد نہیں: الطاف بخاری

 

فیاض بخاری

بارہمولہ// اپنی پارٹی صدر سید الطاف بخاری نے کہا ہے کہ کشمیر میں PSAکے تحت جتنے بھی نوجوان نطڑ بند ہیں ان کے کیسوں کا جائزہ لیکر انہیں رہا کرنیکا عمل شروع کیا جائے۔ پلہالن پٹن میں عوامی اجتماع سے خطاب اور بعد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے بخاری نے کہا کہ جموں کشمیر انتظامیہ کو PSAکے تحت نظر بند نوجوانوں کو رہا کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا’’ میں لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اس اہم معاملے پر ایک کمیٹی تشکیل دیں جو ان نوجوانوں کے کیسوں کا جائزہ لیکر انہیں رہا کریں تاکہ وہ امن کی زندگی گذار کر اپنا مستقبل سنوار سکیں۔مجھے یہ دیکھ کر بے حد دکھ ہورہا ہے کہ پلہالن کے اس چھوٹے سے علاقے میں دو سو سے زائد نوجوان اس وقت جیلوں میں بند ہیں۔ کیا ہمارے بچوں کے لئے صرف جیلیں اورقبرستان رہ گئے ہیں؟  یہ عوام کی بھی غلطی ہے کہ انہوں نے روایتی سیاستدانوں کو اپنا سیاسی استحصال کرنے دیا ۔ لیکن اب وقت آگیا ہے کہ آپ اس استحصالی سیاست کے جھانسے میں آنے سے انکار کریں۔ میں چاہتا ہوں کہ جیلوں میں قید ہمارے نوجوان باہر آجائیں اور اپنے علاقے کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔دفعہ 370 اور 35 اے کا تذکرہ کرتے ہوئے بخاری نے کہا، جو کچھ بھی 5 اگست 2019 کو کیا گیا، اس نے ہم سب کو دکھ پہنچایا ہے۔ لیکن میں آپ سے کہنا چاہتا ہوں کہ ہمیں اگر اپنے حقوق واپس حاصل کرنے ہیں تو وہ نئی دلی سے ہی کرنے ہوں گے، نہ کہ امریکا سے۔ جن لوگوں نے ہمارے لئے مسائل پیدا کئے ہیں، وہی ان کا حل بھی نکالیں گے۔،جو چیزیں پر امن  ذرایع  سے حاصل کی جاسکتی ہیں، اس کے لئے لوگوں کا خون نہیں بہنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ گپکار الائنس کوئی خطرہ نہیں ہے۔ الائنس پہلے خود کو متحد رکھے پھر بات کرے۔