پیر پنچال میں بارشوں کا سلسلہ شروع | سرنکوٹ قصبہ میں دوبارہ سے سیلابی صورتحال پیدا ،لوگ متاثر

بختیار کاظمی
سرنکوٹ //خطہ پیر پنچال کے دیگر علاقوں کیساتھ ساتھ سب ضلع سرنکوٹ میں اچانک ہوئی موسلا دھار بارش کی وجہ سے قصبہ کے اکثر علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی ۔قصبہ میں ہوئی شدید بارش کی وجہ سے لوگوں کے گھروں اور تجارتی مراکز میں پانی داخل ہو گیا جس کی وجہ سے ایک مرتبہ پھر سے معمولات زندگی شدید متاثر ہو ئی ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ قصبہ اور ملحقہ علاقوں میں ہوئی شدید بارش کی وجہ سے قصبہ سے بہنے والے نالوں میں شدید طغیانی آئی جبکہ مذکورہ پانی لوگوں کے گھروں میں بھی داخل ہوگیا جس کی وجہ سے قصبہ کے متعدد کنبے ایک مرتبہ پھر سے متاثر ہو ئے ہیں ۔بارش کا پانی سڑکوں پر آنے کی وجہ سے کچھ عرصہ کیلئے قصبہ میں گاڑیوں کی آمد ورفت بھی بند رہی ۔مکینوں نے انتظامیہ کو تنقید کانشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کچھ عرصہ قبل بھی سرنکوٹ میں شدید نوعیت کا سیلاب آیا تھا لیکن اس کے بعد ابھی تک کوئی احتیاطی تدابیر اختیار نہیں کی گئی ہیں جس کی وجہ سے لوگوں کی مشکلات جوں کی توں ہی پڑی ہوئی ہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ سرنکوٹ قصبہ میں سیلاب والی جگہوں کی نشاندہی کر کے احتیاطی اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ ان دقتیں کم ہو سکیں ۔