پہاڑی قبائل کیساتھ انصاف کرنے کی مانگ

بختیار کاظمی
سرنکوٹ// پہاڑی قبائل کے لیڈران نے سرنکوٹ میں ایک پریس کانفرنس کے دوران مانگ کرتے ہوئے کہاکہ پسماندہ قبائل کے لوگوں کیساتھ انصاف کیا جائے ۔پریس کانفرنس کے دوران حمید منہاس نے حال ہی میں جموں میں اشتیاق بھٹی کے جاری کردہ بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی حرکت سے فرقہ پرستی کو فروغ ملتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اشتیاق بھٹی نے ایوب شبنم کے بارے میں بات کی ہے تاہم مذکورہ نوعیے کی باتیں ہرگز برداشت نہیںکی جاسکتی ۔انہوں نے کہا کہ پہاڑی لوگوںکو 4فیصد ریزرویشن دی گئی ہے جبکہ وہ ایس ٹی کی مانگ کررہے ہیں اور اپنے حقوق کی مانگ کرنے سے فرقہ پرستی کو فروغ نہیں ملتا ۔انہوں نے کہاکہ ہمارا معاشرہ ایک گلدستہ ہے جس کو توڑنے کی کچھ لوگوں کی جانب سے کوششیں کی جارہی ہیں لیکن اس عمل کو ہر گز برداشت نہیں کیا جائے گا ۔انہوں نے کہاکہ کچھ لوگوں کی جانب سے ایسے بیانات دئیے جارہے ہیں جن کی وجہ سے پُرامن ماحول خراب بھی ہوسکتا ہے تاہم وہ سماج میں آپسی بھائی چارے کو قائم رکھنے کیلئے محنت و لگن کیساتھ کام کریں گے ۔مقررین نے جموں وکشمیر انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ اشتیاق بھٹی کیخلاف مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کی جائیں ۔اس موقعہ پر طارق منہاس ،اظہر منہاس، منڈل پردھان عزیز مرزا خوش دیو ورما کلدیپ بخشی اور مشتاق بھٹی وغیرہ بھی موجود تھے۔