پٹوار خانہ کوٹرنکہ کی عمارت منہدم ہونے کے قریب

سید زاہد

کوٹرنکہ//کوٹرنکہ سب ڈویژن میں مکینوں کو بنیادی سہولیات دستیاب نہ ہونے کیساتھ ساتھ سرکاری ملازمین کو بھی معیاری دفاتر دستیاب نہیں ہیں ۔پٹوار خانہ کوٹرنکہ کی عمارت گزشتہ کئی عرصہ سے خستہ حال ہونے کی وجہ سے جہاں ملازمین و عام لوگوں کو مشکلات درپیش ہیں وہائیں عمارت بھی اب منہدم ہونے کی دہلیز تک پہنچ چکی ہے ۔مکینوں نے انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ کئی برسوں سے عمارت انتہائی خستہ حال ہے تاہم اعلیٰ حکام کو جانکاری ہونے کے باوجود بھی عمارت کی نہ تو مرمت کی جارہی ہے اور نہ ہی اس کی کوئی متبادل عمارت تعمیر کی گئی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ بارش کے دوران عمارت کی چھت ٹپکنا شروع ہو جاتی ہے جس کی وجہ سے پٹوار خانے میں ملازمین اور عام لوگوں کے بیٹھنے کیلئے بھی جگہ تک دستیاب نہیں ہے ۔عمارت کی دیواریں ،کھڑکیاں اور دروازے بھی تباہ ہو چکے ہیں جبکہ مذکورہ مقام پر بیت الخلاء تک قائم نہیں ہے ۔مکینوں نے انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ پٹوار خانے جیسی جگہ پر بھی عوام و ملازمین کو بنیادی سہولیات دستیاب نہیں ہیں جبکہ حکام کی لاپرواہی کی وجہ سے عمارت گرنے کی دہلیز تک پہنچ چکی ہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ خستہ حال عمارت کو معیاری بنانے کیلئے عملی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جائیں ۔