پونچھ کے ناڑ جنگل میں تیسرے روز دوبارہ فائرنگ راجوری میں 4معاونین کیخلاف چارج شیٹ داخل

جاوید اقبال

مینڈھر+راجوری//پونچھ ضلع کے مینڈھر سب ڈویڑن میں بھٹہ دوریاں کے نار جنگلات میں سیکورٹی فورسز کی طرف سے شروع کیا گیا محاصرہ اور تلاشی آپریشن ہفتہ کو تیسرے دن بھی جاری رہا اور جموں راجوری پونچھ شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت ایک بار پھر کچھ وقت کیلئے معطل رکھی گئی۔پولیس نے بتایا کہ اس جنگلاتی علاقہ میں آپریشن تین دن سے جاری ہے جو مشتبہ نقل و حرکت کی کچھ اطلاعات پر شروع کیا گیا ہے۔ ہفتہ کو تیسرے دن جنگلاتی علاقے میں ایک بار پھر فائرنگ کی آوازیں سنی گئیں۔پہلے روز بھی ابتدائی طور پر کچھ دیر تک فائرنگ کی آوازیں سنی گئی تھیں۔بھمبر گلی اور جڑاں والی گلی کے درمیان فائرنگ کی آوازیں آنے کے بعدکچھ دیر کے لیے گاڑیوں کی آمدورفت دوسرے روز بھی معطل رہی اور ٹریفک کو مینڈھر بی جی روڈ سے موڑ دیا گیا۔ادھرراجوری پولیس نے حزب کے ساتھیوں کے خلاف چارج شیٹ داخل کی۔ان کے خلاف ملی ٹینسی سرگرمیوں پر کیس درج کیا گیا تھا۔ پولیس نے کہا کہ جمعہ کو ایک چارج شیٹ کیس میں ایف آئی آر نمبر 25/2018کے سلسلے میں چار ملزمان کے خلاف عدالت میں چارج شیٹ پیش کیا گیا ۔ ان میںسرگرم ملی ٹینٹ الطاف حسین ولد منیر حسین ساکن راجوری شامل ہے۔ پولیس کے مطابق یہ ملزمان ممنوعہ حزب المجاہدین سے وابستہ تھے اور حوالہ کے ذریعے ملی ٹینسی کی فنڈنگ میں ملوث تھے۔