پونچھ کے شنکر نگر محلہ میں نکاسی آب نظام درہم برہم مقامی لوگوں و عام راہگیروں کو مشکلات کا سامنا

حسین محتشم
پونچھ// پونچھ قصبہ کے محلہ شنکر نگر وارڈ نمبر 11 میں نکاسی آب کا نظام خراب ہونے کی وجہ سے بارشوں کے دوران شہریوں کو کئی طرح کی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔پیر کے روز بھی بارشوں کے دوران پانی سڑکوں پر بہنے لگا اور سڑکوں سے لوگوں کے گھروں میں داخل ہوگیا۔اس دوران انتظامیہ سے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے شہریوں نے متعلقہ محکموں کو تنقید کا نشانہ بنایا۔اس موقع پر شہریوں نے پونچھ میونسپل کونسل سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے خلاف غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بار بار اپیل کی ہے لیکن ان کی کوئی بات نہیں سنی جاتی۔محلہ شنکر نگر کے ایک بزرگ خاتون نے بتایا کہ نکاسی آب کا نظام بہتر بنانے کیلئے محکمہ میونسپل کونسل کو ذمہ داری سونپی گئی لیکن افسوس محکمہ اپنا کام نہیں کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محلہ شنکرنگر وارڈ نمبر 11 میں نالیوں اور گٹروں کی صفائی نہ ہونے کی وجہ سے آئے روز گندا پانی جمع ہونا معمول بنتا جارہا ہے جو لمحہ فکر ہے، میونسپل کونسل کی مسلسل نااہلی کی وجہ سے شہری دوہرے عذاب میں مبتلا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی اپیل پر تحصیلدار اور دیگر افسران وہاں کا دورہ کرکے موقع دیکھ چکے ہیں لیکن متعلقہ محکموں کے افسران گونگے بہرے بن چکے ہیں۔انہوں نے کہا ڈپٹی کمشنر پونچھ بھی شہریوں کو بنیادی و بلدیاتی سہولیات فراہم کرنے میں سنجیدہ نظر نہیں آتے۔انہوں نے مزید کہا کہ وہ رات کو سونہیں سکتے کیونکہ بارشوں کے دوران ان کے گھروں میں پانی داخل ہو جاتا ہے ان کے باتھ روم اور کچن کی تباہی کر دیتا ہے۔انہوں نے انتباہ دیا کہ اگر انتظامیہ سمیت متعلقہ محکموں نے محلہ شنکر نگر وارڈ نمبر 11 کا نکاسی کا نظام درست نہ کیا تو احتجاجی تحریک چلائی جائیگی۔