پونچھ میں بجلی کی غیر اعلانیہ کٹوتی سے عوام پریشان رمضان میں بغیر خلل کے سپلائی فراہم کرنے کا مطالبہ

حسین محتشم

پونچھ//ماہ مبارک رمضان کے شروع ہوتے ہی بجلی کی غیر اعلانیہ کٹوتیوں کی وجہ سے صارفین کئی طرح کی پریشانیوں میں مبتلا ہو گئے ہیں ۔صارفین کے مطابق افطاری کا وقت ہو یا سحری کا وقت بجلی سپلائی بند ہوجاتی ہے جس کی وجہ سے ان کو کئی طرح کی دِقتْوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ جموں پبلک ویلفیئر فرنٹ کے چیئرمین زوراور سنگھ شہباز نے کہا کہ دور دراز سرحدی علاقوں اور پہاڑیوں میں رہنے والے غریب عوام رمضان کے مقدس مہینے میں بجلی سے محروم ہیں۔

 

انہوں نے کہا کہ سحری کا وقت ہوکہ افطاری کا وقت دیکھنے میں آ رہا ہے کہ اس دوران بجلی غائب رہ رہی ہے۔انہوں نے کہا نماز تراویح میں بھی نمازیوں کو بجلی کی سہولت نہیں ملتی، جو کہ محکمہ بجلی کی کمزوری اور نااہلی کا سب سے بڑا ثبوت ہے، جسے برداشت نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ اگر ان تمام لوگوں نے اپنے بجلی کے بل بروقت ادا کئے ہیں تو ان کے ساتھ ایسا سلوک کیوں کیا جا رہا ہے، رمضان کے مقدس مہینے میں ان لوگوں کو بجلی فراہم نہ کرنا کسی جرم سے کم نہیں۔ انہوں نے جموں و کشمیر کے دور افتادہ علاقوں کے ساتھ ساتھ پونچھ کے لورن، اڑائی، سلونیاں، سلوتری، پنجککریاں جیسے علاقوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ بجلی کی طرف سے یہاں رہنے والے تمام لوگوں کے ساتھ ناانصافی کی جا رہی ہے، جس کا ہمارا فرنٹ سخت مذمت کرتا ہے۔ فرنٹ کے چیئرمین زوراور سنگھ شہباز نے ایل جی منوج سنہا سے پرزور اپیل کی کہ محکمہ بجلی پر سختی کی جائے اور انہیں حکم جاری کیا جائے تاکہ ان تمام لوگوں کو مقدس کے دوران بجلی فراہم کی جائے۔ اس موقع پر فرنٹ ممبران منجیت سنگھ، پرگت سنگھ، گرنام سنگھ، روی کمار اور کمل کشور بھی ان کے ساتھ موجود تھے۔