پولیس سب انسپکٹر بھرتی گھوٹالہ سے بی جے پی کا تعلق: عام آدمی پارٹی | گھوٹالہ میں شامل افراد کو بے نقاب کرنے کیلئے اعلیٰ سطحی تحقیقات کا مطالبہ

جموں//عام آدمی پارٹی نے روزہ اتوار جموں اور کشمیر میں بھرتی مافیا کو بے نقاب کرنے کے لئے اعلیٰ سطحی تحقیقات کا مطالبہ کیا اور کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما جموں اور کشمیر پولیس سب انسپکٹر بھرتی گھوٹالہ میں براہ راست ملوث ہیں۔او پی کھجوریا کی سربراہی میں عام آدمی پارٹی کے رہنماؤں نے اتوار کو جموں پارٹی دفتر میں ایک پریس کانفرنس کا اہتمام کیا جہاں انہوں نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے دور حکومت میں گھوٹالے جموں و کشمیر پر عزا ب بن کر ٹوٹ رہے ہیں اور ان کاموں کو روکنے کی کوئی کوشیش بھی نہیں کی جا رہی ہے۔2014 میں بی جے پی پی ڈی پی حکومت کے اقتدار سنبھالنے اور اس کے بعد ایل جی انتظامیہ کی حکمرانی کے فوراً بعد، کچھ بڑے گھوٹالوں نے جموں و کشمیر کو ہلا کر رکھ دیا ہے اور کچھ پر نہایتی طور پر خاموشی اختیار کی جا رہی ہے۔اُنہوں نے کہا، “ایک بی جے پی کے سابق ایم ایل سی نے پچھلے سال جموں و کشمیر میں کان کنی کے گھوٹالے کا پردہ فاش کیا تھا اور دعویٰ کیا تھا کہ رقم کا ایک حصہ وزیر اعظم کے دفتر میں بھی جا رہا ہے لیکن بعد میں اس معاملے پر خاموشی اختیار کر لی گئی اور بی جے پی کے اپنے سابق قانون ساز کی طرف سے لگائے گئے تمام سنگین الزامات ابھی تک موجود ہیں”۔انہوں نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر کے ایک سابق لیفٹیننٹ گورنر نے ہائیڈل پروجیکٹس میں ایک بڑے گھپلے کا پردہ فاش کیا تھا اور بتایا تھا کہ کس طرح انہیں دو فائلوں کی منظوری کے لیے بھاری رقم کی پیشکش کی گئی تھی اور یہ سب بی جے پی کے دور حکومت میں ہوا جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ہائیڈل پروجیکٹس کے نام پر بڑا گھپلہ کیا جا رہا ہے۔عام آدمی پارٹی لیڈر او پی کھجوریا نے مزید کہا کہ حال ہی میں سامنے آئے جموں و کشمیر پولیس سب انسپکٹر بھرتی گھوٹالے میں اب بی جے پی لیڈروں کے نام سامنے آئے ہیں اور یہاں تک کہ بی جے پی کے ڈی ڈی سی ممبر بھی اس گھوٹالے سے براہ راست جڑے ہوئے ہیں۔اُنہوں نے مزید کہا، “اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اس گھوٹالے میں بی جے پی کا ہاتھ ہے اور اس پر پارٹی کی خاموشی یہ ظاہر کرتی ہے کہ وہ اپنے لیڈر کو بچانے میں لگے ہوئے ہیں جو بھرتی کے پیپر لیک ہونے اور نوجوانوں کے مستقبل کے ساتھ کھیل ہے”۔سی بی آئی سے اس بھرتی گھوٹالہ کے تمام تعلقات کا پردہ فاش کرنے اور اس گھوٹالے سے جڑے ہر شخص کو سلاخوں کے پیچھے دھکیلنے کا مطالبہ کیا۔