پولیس سب انسپکٹروں کا امتحان آج دو مرحلوں میں ہوگا

سرینگر/بلال فرقانی/جموں کشمیر میں پولیس سب انسپکٹروں کے آن لائن تحریری امتحانات آج( منگل )سے شروع ہو گا۔ حکام نے پہلے ہی ان امتحانات کیلئے مبصرین کو نامزد بھی کیا ہے۔پہلے مرحلے میں ہونے والے امتحان میں شرکت کرنے والے امیدواروں کو صبح 8.30سے 9بجکر30منٹ تک امتحانی مرکز پہنچنا ہوگا جبکہ امتحان دوپہر 10 سے 12 بجے تک جاری رہے گا۔ جموں اور سرینگر کے امتحانی مراکز میںامیدواروںکو کسی بھی طرح کا الیکٹرانک سامان بشمول موبائل فون، کیلکولیٹر وغیر ساتھ رکھنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ اس بار پہلی بار کمپیوٹر پر مبنی تحریری امتحانات کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، تاکہ شفافیت ہو۔ اس سے قبل ’آپٹیکل مارک ریکگنیشن‘پر مبنی امتحان منعقد کیا جاتا تھا۔پولیس سب انسپکٹر کی 1200 اسامیوں پر بھرتی کے لیے دونوں صوبوں میں امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں۔امتحان دن کے دو مرحلوں میں لیا جائے گا۔ امیدوار کے ایڈمٹ کارڈ پر وقت مقرر کیا جائے گا۔ دوسرے مرحلے کا امتحان دوپہر کے بعد ہوگا۔امیدواروں کو داخلہ کارڈ اور اصل شناختی کارڈ کے بغیر امتحانی مرکز میں بیٹھنے کی اجازت نہیں ہوگی۔