پنڈت ہلاکتوں کیخلاف اپنی پارٹی یوتھ ونگ کا کینڈل مارچ

نیوز ڈیسک
جموں//عام آدمی پارٹی نے بدھ کی شام جموں شہر میں کینڈل لائٹ مارچ نکالتے ہوے وادی کشمیر میں پنڈتوں کی ٹارگٹ کلنگس کے خلاف احتجاج کیا۔پریس کلب جموں کے باہر عام آدمی پارٹی یوتھ ونگ لیڈران امرت وٹل، پرویندر سنگھ، ہرنیک سنگھ، کمل سنگھ، مہیش بخشی کی صدارت میں مظاہرین نے کینڈل مارچ کا انقاد کیا۔عام آدمی پارٹی کیڈر نے کشمیری پنڈت کمیونٹی مہلوکین کو خراج عقیدت پیش کیا جو وادی کشمیر میں حالیہ حملوں کے شکار ہوئے ہیں ۔اس مارچ کے دوران کچھ دیر کی خاموشی بھی اختیار کی گئی اور مرحوم کی روح کی شانتی کے لیے دعا کی گئی۔عام آدمی پارٹی لیڈر امرت واتل نے اس مارچ کے دوران خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان ٹارگٹ کلنگس کے چلتے سیکورٹی کے حالات پر سنجیدگی سے غور کرنے کا وقت آگیا ہے کیونکہ عام شہری اپنی حفاظت کے ساتھ ساتھ اپنے خاندان کے افراد کی حفاظت کے لیے خوف و ہراس میں مبتلا ہے۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کا عام شہری خوف و ہراس کی حالت میں ہے اور بی جے پی حکومت کی طرف سے صرف ٹویٹر پر مذمت مل رہی ہے جس سے اس ساری صورتحال میں بی جے پی حکومت کا غیر سنجیدہ رویہ ظاہر ہو رہا ہے۔