پنڈت ملازمین کا پرتاپ پارک میں دھرنا منتقلی کے حق میں احتجاج کیا

سرینگر// وزیر اعظم کے روزگار پیکیج کے تحت کام کرنے والے کشمیری پنڈت ملازمین نے بدھ کے روز پرتاپ پارک میں جمع ہوئے اور دھرنا دیا۔احتجاجی پنڈت ملازمین ان کی منتقلی کا مطالبہ کررہے تھے۔ملازمین 12 مئی کو چاڈورہ میں ان کے دفتر کے اندر اپنے ساتھی راہل بھٹ کے قتل کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔وہ ٹارگٹ کلنگ میں اضافے کے پیش نظر ان کی نقل مکانی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ پنڈتوں نے کہا کہ جب تک حکومت کارروائی نہیں کرتی احتجاج جاری رہے گا۔شیخ پورہ کالونی میں مقیم پنکج کول نے بتایا ’’حکومت نے کچھ نہیں کیا اور ہماری نقل مکانی کے مطالبے پر خاموش رہی۔ اگر انتظامیہ ہم سے بات کرے، تب ہی کوئی حل نکل سکتا ہے،‘‘ایک اور احتجاج کرنے والی ملازمہ نروپما نے کہا کہ کے پی کے ملازمین خود کو محفوظ نہیں کرتے۔’’ہمارے پاس کوئی سیکورٹی یا حفاظت نہیں ہے۔ ہمارا احتجاج اس وقت تک جاری رہے گا جب تک وہ ہماری نقل مکانی کی طرف کوئی قدم نہیں اٹھاتے‘‘۔