پنچ ناڑا میں پرائمری سکول بند ہونے سے طلباء پریشان

سید زاہد
کوٹرنکہ // کوٹرنکہ سب ڈویژن کے پنج ناڑا علاقہ میں قائم شدہ گور نمنٹ پرائمری سکول رتی باس تالا بند ہونے کی وجہ سے طلباء کیساتھ ساتھ والدین میں بھی تشویش پائی جارہی ہے ۔منگل کے روز سکول میں کوئی بھی ٹیچر حاضر نہیں ہوجس کی وجہ سے سکول بند رہا ۔والدین نے محکمہ ایجوکیشن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ سرکاری سکولوں میں بہتر تعلیم فراہم کرنے کیلئے بلند و بانگ نعرے لگائے جارہے ہیں تاہم دیہات میں قائم کر دہ سرکاری سکولوں میں ملازمین حاضر ہی نہیں ہورہے ہیں جس کی وجہ سے ا کے بچوں کا مستقبل خراب ہوتا جارہا ہے ۔

انہوں نے بتایا کہ کوٹرنکہ سب ڈویژں کے دیہات میں قائم کردہ سرکاری سکولوں کی جہاں عمارتیں انتہائی خستہ حال ہیں وہائیں ملازمین کی غیر حاضری اور متعلقہ آفیسران کی غیر سنجیدگی کی وجہ سے بچوں میں تعلیم کا رجحا ن کم ہوتا جارہا ہے ۔پنچ ناڑا کے مکینوں نے بتایا کہ پرائمری سکول میں گزشتہ کئی برسوں سے صرف 1ٹیچر تعینات کیا گیا ہے تاہم مذکورہ ٹیچر کی غیر حاضری کے دوران بچے تالا بند سکول کے سامنے بیٹھے رہتے ہیں ۔

والدین نے محکمہ کے اعلیٰ حکام اور ضلع انتظامیہ راجوری سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ غیر حاضرملازمین کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جائے اور سکول میں مزید ٹیچروں کو تعینات کیا جائے تاکہ ان کے بچوں کا مستقبل خراب نہ ہو۔دوسری جانب متعلقہ زونل ایجوکیشن آفیسر نے بتایا کہ سکول میں تعینات ٹیچر چھٹی پر ہے جبکہ اب سکول میں متبادل ٹیچر تعینات کیا گیا ہے ۔