پنشن کی تصدیق کیلئے جاری حکم نامہ لوگوں کیلئے مصیبت بن گیا | بزرگ اور معذور ،ہسپتال ،عدالت اور کمپیوٹر کی دکانوں پر دربدر

جاوید اقبال
مینڈھر //جموں وکشمیر انتظامیہ کی جانب سے معذور ،بزرگوں اور بیوائوں کو دی جارہی پنشن کی تصدیق کیلئے جاری حکم نامے کے بعد سے پوری خطہ پیر پنچال کی طرح مینڈھر سب ڈویژن میں معززین کو شدید مشکلات درپیش ہیں ۔اس وقت مینڈھر کے سب ڈسٹر کٹ ہسپتال ،عدالت اور کمپیوٹر دکانوں پر بزرگ اور معذور افراد قطاروں میں دربدر ہورہے ہیں ۔بزرگوں نے بتایا کہ انتظامیہ کی جانب سے جان بوجھ کر ان کو تنگ کیاجارہا ہے جبکہ پنش کی حصولی کیلئے وہ گزشتہ کئی دنوں سے دربدر ہوکر طلب کردہ لورزامات مکمل کرنے میں لگے ہوئے ہیں ۔غور طلب ہے کہ مینڈھر بھاری رش کی وجہ سے بزرگ خواتین اور مردوں کیساتھ ساتھ معذور اور بیوائوں کو دن بھر قطاروں میں انتظارکرنا پڑتا ہے ۔دوسری جانب محکمہ صحت کی جانب سے بلاک میڈیکل آفیسر مینڈھر ڈاکٹر پرویز خان کی قیادت میں ملازمین لوگوں کی فائلیں جمع کر کے ترجیح بنیادوں پر ان کا کام کرنے کی کوششیں کررہے ہیں تاہم تعداد زیادہ ہونے کی وجہ سے مذکورہ عمل میں تاخیر ہورہی ہے ۔ہسپتال ذرائع کے مطابق ابھی تک محکمہ کی جانب سے 4ہزار کے قریب سرٹیفکیٹ مستحقین کو جاری کردئیے گئے ہیں تاہم اس کے باوجود بھی لوگ قطاروں میں اپنی فائلیں جمع کرنے کا انتظار کرنے پر مجبور ہیں ۔معززین نے ہسپتال انتظامیہ بالخصوص بی ایم او مینڈھر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ مستحقین کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے محنت و لگن سے کام جاری ہے ۔انہوں نے جموں وکشمیر انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ گائوں میں خصوصی کیمپوں کے ذریعہ مذکورہ معززین کو لورزامات جاری کی جائیں تاکہ ان کی دقتیں کم ہو سکیں ۔