پنشن اور دیگر بلوں کی ادائیگی کیلئے جے کے بینک کو 4,119کروڑ روپے دینے کی منظوری

جموں// جموں و کشمیر حکومت نے پیر کو کہا کہ اس نے گزشتہ مالی سال کیلئے J&K بینک پنشن کی تقسیم کیلئے 4,119 کروڑ روپے سمیت مختلف محکموں کی ادائیگیوں کو منظوری دی ہے ۔حکام کے مطابق، مالی سال 2021-22 کے ختم ہونے کے بعد، محکمہ خزانہ نے زیر التوا معاملات کو یقینی بنانے کے لیے تمام تصدیق شدہ بلوں کو کلیئر کر دیا ہے۔ ایڈیشنل چیف سیکریٹری محکمہ خزانہ اتل ڈھلو نے کہا"جے اینڈ کے بینک کو 4,119 کروڑ روپے ادا کیے گئے ہیں جبکہ 5,573 کروڑ روپے پنشن کی ذمہ داری ہے جو ہم پر بینک کے واجب الادا ہیں" ۔محکمہ نے بجلی کی خریداری کے لیے 810 کروڑ روپے کی ادائیگی کو بھی منظوری دے دی ہے۔انہوں نے کہا"کیرو اور ریٹل ہائیڈل پراجیکٹس کے لیے 600 کروڑ روپے کی ایکویٹی شراکت بھی ادا کر دی گئی ہے،" ۔ انہوں نے مزید کہا کہ دو پاور پروجیکٹس کے لیے یونین ٹیریٹری کے سالانہ بجٹ میں 1,206 کروڑ روپے کا انتظام کیا گیا ہے۔ڈھلو نے کہا کہ ٹھیکیداروں کی تمام تصدیق شدہ بلوں کے ساتھ ساتھ مرکزی حکومت کے زیر اہتمام اسکیموں میں UT کے حصہ کی ادائیگیوں کو صاف کر دیا گیا ہے۔حکام کے مطابق گزشتہ دو سال سے زیر التواء کئی بلز بھی اس بار کلیئر کر دیے گئے ہیں۔انکا کہنا تھا کہ ٹریجری سے ایڈوانس نکالنے کا کوئی بل ابھی زیر التواء نہیں ہے۔ ڈھلو نے کہا کہ تنخواہوں، پنشن اور گریجویٹی کی ادائیگی کے لیے پیش کیے گئے بلوں کو صاف کر دیا گیا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ خزانہ نے کئی منصوبوں کی زیر التواء ادائیگیوں کو بھی صاف کر دیا ہے۔