پلوامہ میں شہری ہلاکت پرسیاسی جماعتیں برہم

واقعہ کی فوری، معتبر اور شفاف تحقیقات ہونی چاہئے :عمر عبداللہ
سرینگر//نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے پلوامہ میں ایک غیر مسلح نوجوان کی ہلاکت کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور واقعہ کی تحقیقات کا مطالبہ کیاہے۔ ایک بیان میں انہوں نے مہلوک آصف کے لواحقین خصوصاً والدین کیساتھ دلی تعزیت اور اُن کے ساتھ شریک غم ہونے کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ’حادثاتی گولی‘ کے واقعہ کی دلیل میں کتنی سچائی ہے اس کا پتہ لگانا ضروری ہے اور اس کیلئے فوری، معتبر اور شفاف تحقیقات ہونی چاہئے اور ذمہ داروں کو سزا ملنی چاہئے۔ پارٹی جنرل سکریٹری علی محمد ساگر، صوبائی صدر ناصر اسلم وانی، رکن پارلیمان حسنین مسعودی، زون صدر ڈاکٹر بشیر احمد ویری، ترجمان عمران نبی ڈار اور ضلع صدر پلوامہ حاجی غلام محی الدین میر نے بھی واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

اپنی پارٹی صدراور نائب صدرکااظہارافسوس
سرینگر// اپنی پارٹی صدر سید محمد الطاف بخاری اور نائب صدر ظفر اقبال منہاس نے شوپیاں میں حادثاتی فائر کی وجہ سے ایک عام شہری کی موت پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ الطاف بخاری نے ایک بیان میں کہا ہے،’’مجھے اس واقعہ کی خبر نے دلی صدمہ پہنچایا ہے۔ سوگوار کنبے کے ساتھ تعزیت اور اظہارِ یکجہتی کرتا ہوں۔ اللہ تعالی انہیں یہ صدمہ برداشت کرنے کی ہمت عطا کرے۔‘‘درایں اثنا ظفر اقبال منہاس نے بھی اپنے ایک بیان میں اس سانحہ پر اپنے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا، ’’مجھے حادثاتی فائر میں شوپیاں کے ایک عام شہری کی ہلاکت کی خبر پاکر کافی دکھ ہوا ہے۔ اللہ تعالی مرحوم کو جنت الفردوس میں جگہ دے اور ان کے لواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی ہمت عطا کرے۔‘‘

پیپلزکانفرنس کی مذمت
سرینگر// پیپلز کانفرنس نے پلوامہ میں ایک شہری کے قتل کے واقعے کی زبردست الفاظ میں مذمت کی اور اس کی شفاف اور فوری جانچ کا مطالبہ کیاہے ۔ایک بیان میں پیپلز کانفرنس نے کہا کہ پلوامہ میں ایک غیر مسلح شہری کا قتل انتہائی افسوس ناک اور قابل مذمت ہے۔ ترجمان نے کہا کہ ہم سوگوار خاندان کے ساتھ اپنی گہری تعزیت کا اظہار کرتے ہیں ۔ پیپلز کانفرنس نے انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ اس ناخوشگوار واقعے کے نتیجے میں ہونے والے حالات کی تحقیقات کرے اور سوگوار خاندان کو انصاف فراہم کرے۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ حکومت کو اس واقعے کی مکمل اور غیر جانبدار تحقیقات کرنی چاہیے اور اس بات کو یقینی بنانا چاہیے کہ ذمہ دار افسران کو جوابدہ بنایا جائے۔ یہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ سوگوار خاندان کو بروقت انصاف کی فراہمی کو یقینی بنائے ۔

ملوثین کو قرارواقعی سزادی جائے:عارف لائیگرو
سرینگر//پیپلزڈیموکریٹک پارٹی کے رہنماعارف لائیگرونے پلوامہ میں آصف احمدنامی ایک نوجوان شہری کی ہلاکت ،جسے پولیس نے حادثاتی قراردیا،کی مذمت کی ہے۔ایک بیان میں انہوں نے اس ہلاکت کو بے رحمانہ قراردیا۔پی ڈی پی رہنما نے اس کی معینہ مدت میں تحقیقات کرنے کا مطالبہ کیااوراس میں ملوث اہلکاروں کوقرارواقعی سزادینے کی مانگ کی۔انہوں نے کہا کہ ایسے واقعات اس بات کا عکاس ہے کہ کشمیرمیں انسانی جان کی کوئی قیمت نہیں ہے۔