پلوامہ میں جل شکتی محکمہ کے عارضی ملازمین کا احتجاج ایس آر او64کے تحت سرکار سے مستقلی کا مطالبہ

سید اعجا ز
پلوامہ // جنوبی ضلع پلوامہ اور شوپیان سے تعلق رکھنے والے جل شکتی محکمہ کے آئی ٹی آئی تربیت یافتہ عارضی ملازمین نے اپنے مطالبات کے حق میں پی ایچ ای سب ڈیویژن ٹہاب میں جمع ہو کر زوردار احتجاج کیا۔ انہوں نے سرکار سے ایس آر او64کے تحت مستقل کرنے کا مطالبہ کیا ۔احتجاجی ملازمین نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھارکھے تھے جن پر مختلف قسم کے نعرے درج تھے۔انہوں نے ایس آر او 64 کو عملی جامہ پہنانے اور تنخواہوں میں تفاوت دور کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔ملازمین کا کہنا تھا کہ وہ 2008 سے لیکر اپنے جائز مطالبات کی جنگ لڑرہے ہیں لیکن بدقسمتی سے ان کے مطالبات ابھی تک پورے نہیں کئے جارہے ہیں۔انہوں نے ایل جی انتظامیہ پرغیر سنجیدگی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ان کے جائز مطالبات کو ترجیہی بنیادوں پر حل کرنے کی ضرورت ہے۔احتجاجی ملازمین نے صوبہ جموں کے ملازمین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر میں ہزاروں کی تعداد میں اس وقت ملازمین اپنے حقوق کی جنگ لڑرہے ہیں۔احتجاجی ملازمین نے لیفٹیننٹ گورنرمنوج سنہاسے مطالبہ کیا کہ مہنگائی کے اس دور میں غریب ملازمین کے جذبات کی جانب احساس دلانے کی ضرورت ہے تاکہ انہیں دردر کی ٹھوکریں کھانے سے نجات مل سکے۔