پسی گرآنے سے تھنہ منڈی بفلیاز سڑک بند

عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی// سب ڈویژن تھنہ منڈی میں دہرہ کی گلی کے قریب بھاری لینڈ سلائیڈنگ کے بعد تھنہ منڈی۔ بفلیاز مغل روڈ کو دو طرفہ ٹریفک کی نقل و حمل کے لئے بند کردیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب کو رات 11 بجے کے قریب دہرہ کی گلی کے قریب سڑک کا ایک بڑا حصہ دھنس جانے اور بھاری پسیاں گر آنے کی وجہ سے تھنہ منڈی کو بفلیاز سے ملانے والی سڑک کو دو طرفہ ٹریفک کی نقل و حمل کے لئے مکمل طور پر بند کردیا گیا۔ ابتدائی طور پر بتایا گیا کہ سڑک کی بحالی میں تقریباً چار پانچ گھنٹے کا وقت لگ سکتا ہے تاہم ایس ڈی پی او تھنہ منڈی ڈاکٹر امتیاز احمد، تحصیلدار تھنہ منڈی ساحل علی شاہ اور ایس ایچ او تھنہ منڈی انسپکٹر شوکت حسین چوہدری کی موجودگی اور نگرانی میں سارا دن سڑک سے ملبہ ہٹانے کا کام جاری رہا۔

 

آخری اطلاعات موصول ہونے تک شام ساڑھے سات بجے کے بعد بمشکل چھوٹی گاڑی کو نکلنے کا راستہ بن پایا۔ تحصیل انتظامیہ کے مطابق ابھی بھی سڑک کی بحالی کیلئے بہت سارا کام باقی ہے امید ظاہر کی جارہی ہے کہ کل تک گاڑیوں کی آمد و رفت کے لئے راستہ پوری طرح کھل جائے گا۔