پرائمری ہیلتھ سینٹر منگت کی عمارت تعمیر کے آخری مراحل میں | برفباری متاثرہ علاقے میں ہسپتال عمارت امید کی ایک کرن

محمد تسکین
بانہال // ضلع رام بن کی سب ڈویژن بانہال کے منگت علاقے میں زیرِ تعمیر پرائمری ہیلتھ سینٹر ہسپتال کی عمارت تکمیل کے آخری مراحل سے گزر رہی ہے اور جاری کام کا جائزہ لینے کیلئے بی ایم او بانہال نے دور افتادہ منگت کا دورہ کیا۔یہ دو منزلہ ہسپتال عمارت چار کروڑ روپئے کی لاگت سے تعمیر کی جارہی ہے اور محکمہ تعمیرات عامہ علاقے کی مناسبت سے اس اہم عمارت کو اس سال کے آخر تک مکمل کرنے کیلئے پر امید ہے اور لوگوں میں ہسپتال عمارت بننے سے خوشی پائی جارہی ہے۔

منگت کا دور داز علاقہ بانہال سے قریب 30 دور ہے اور بھاری برفباری کی وجہ سے مہو منگت کا علاقہ کئی مہینوں تک باقی دنیا سے منقطع ہو جاتا ہے اور ڈاکٹر اور دیگر عملہ یہاں آنے سے کتراتے ہیں۔ بھاری برفباری سے پہلے ہی زریعہ معاش کی تلاش میں مہو منگت کے بیشتر مرد ملک کی دوسری ریاستوں کا رخ کرتے ہیں اور ایسے میں یہاں ہسپتال اور ڈاکٹروں کیلئے رہائشی سہولیات کی تعمیر سے لوگوں میں خوشی کی لہر ہے اور وہ امید کرتے ہیں اب یہاں ڈاکٹروں اور دیگر عملے کو نہ رکنے کا کوئی بہانہ نہیں ہے۔

سڑک سے دور اس زیر تعمیر پرائمری ہیلتھ سینٹر منگت تحصیل کھڑی کو جلد از جلد مکمل کرنے کیلئے متعلقہ ٹھیکیدار نے یہاں تعمیراتی سامان پہنچانے کیلئے ایک کیبل ٹرالی کو بھی لگایا ہے جس کی وجہ سے کام کی رفتار سرعت کے ساتھ جاری ہے۔ مقامی سابقہ فوجی عبدالجبار ، سماجی کارکن ریاض گل اور سابقہ ماسٹر علی محمد نے بات کرتے ہوئے کشمیر عظمی کو بتایا کہ اس دور افتادہ علاقے میں ہسپتال کی زیر تعمیر عمارت مقامی لوگوں کیلئے کسی خواب سے کم نہیں ہے اور اس ہسپتال کو باوا سے منگت تک رابطہ سڑک کے زریعے جوڑنا ناگزیر ہوگیا ہے۔ انہوں نے حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ بانہال۔ منگت رابطہ سڑک کو مکمل کرنے کیلئے کام کی رفتار کو بڑھائیں اور میکڈم بچھانے کے کام میں سرعت لائی جائے کیونکہ مہو منگت کا علاقے میں اب سکی بھی وقت برفباری ہونے کا امکان ہے۔