پتے کی نلی میں کینسر اور دیگر بیماریوں پر کانفرنس جموں و کشمیر میں خصوصی کینسر انسٹی ٹیوٹ چندماہ میں فعال ہوگا: بٹھناگر

پرویز احمد

سرینگر //شیر کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز صورہ میں جمعہ کو ’’پتے اور پتے کی نلی کا کینسر اوراس سے جڑے دیگر بیماریاں‘‘ کے موضوع پر ایک کانفرنس کا انعقاد کیا گیا ۔ کانفرنس میں لفٹینٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بٹھناگربطور مہمان خصوصی شریک ہوئے جبکہ تقریب میںجموں و کشمیر پولیس کے سپیشل ڈی جی پی ایچ کے لوہیلا نے بطور مہمان ذی وقار شرکت کی ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آر آر بھناگر نے کہا کہ حکومت نے جموں و کشمیر میں خطبہ افلاس سے نیچے اور خطہ افلاس سے اوپر زندگی بسر کرنے والے تمام لوگوں کو صحت اسکیم کے دائرے میں لاکر5لاکھ روپے کا انشورنس کور دیا ہے کیونکہ انشورنس کور سے ہر ایک شخص کو بہتر طبی نگہداشت فراہم ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں طبی شعبہ میں بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کی ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے اور اسی سلسلے کی ایک کڑی کے تحت 5نئے میڈیکل کالج اور 2ایمزمرکزی زیر انتظام علاقے کو دئے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ دو خصوصی کینسر انسٹی ٹیوٹ کو بھی چند مہینوں میں فعال کر دیا جائے گا ۔

’’ بلاری ٹریکٹ کے کینسر اور غیر کینسر کی بیماریاں ‘‘ کے موضوع کے تحت سرجیکل گیسٹرو اینٹرولوجی پر مڈ ٹرم کنٹینیونگ میڈیکل ایجوکیشن ( سی ایم ای ) کانگریس کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سکمز کے ڈائریکٹر ڈاکٹر پرویز اے کول نے کہا کہ سرجیکل گیسٹرو اینٹرولوجی سرجری کا ایک خاص شعبہ ہے اور حالیہ برسوں میں اس ادارے نے اس شعبے میں نمایاں پیش رفت کی ہے ۔ اپنے خطاب میں مہمانِ خصوصی ہیمنت کمار لوہیا نے انسانیت کی خدمت کرنے اور مشکل حالات میں زندہ رہنے میں سکمز کے کردار کی تعریف کی ۔

 

اپنے خطبہ استقبالیہ میں سرجیکل گیسٹرو اینٹرولوجی کے شعبہ کے ایچ او ڈی ڈاکٹر صدف علی نے کہا کہ یہ تقریب انتہائی اہمیت کی حامل ہے جہاں طلباء ، فیکلٹی اور دیگر عالمی شہرت یافتہ فیکلٹی اور مہمانوں کے علمی تبادلے اور لیکچرز سے مستفید ہوں گے ۔ ڈین میڈیکل فیکلٹی سکمز پروفیسر طارق گوجواری ، ایچ بی پی سرجری کے ڈائریکٹر ایم جی ایم ایچ جے پور پروفیسر وی کے کپور ، صدر الیکٹ انڈین ایسوسی ایشن آف سرجیکل گیسٹرو اینٹرولوجی اور ڈائریکٹر جی آئی سرجری سکھارا ورلڈ ہسپتال پروفیسر صادق ایس سکورا اور پرنسپل سکمز میڈیکل کالج نے بھی اس موقع پر خطاب کیا ۔