پتھر گرآنے اور مرمتی کام کا شاخسانہ | قومی شاہراہ پر8گھنٹے تک گاڑیوں کی آمدورفت میں خلل

ایم ایم پرویز

رام بن// سری نگر جموں قومی شاہراہ پر ہفتہ کو تقریباً ساڑھے آٹھ گھنٹے تک گاڑیوں کی آمدورفت میں خلل پڑا۔سنیچر کی صبح شاہراہ کے ناشری اور رامسو کے درمیان مختلف مقامات پر بڑے پیمانے پر ٹریفک جام بھی دیکھا گیا۔ٹریفک حکام نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شام 5 بجے تک ہفتہ کو جموں سری نگر قومی شاہراہ آٹھ گھنٹے 26 منٹ تک بلاک رہی۔ان کا کہنا تھا کہ شاہراہ ایک گھنٹہ 40 منٹ تک مہاڑ، کیفے ٹیریا موڈپر پتھرگرآنے کی وجہ سے بلاک رہی، کیفے ٹیریا ،مہاڑ اور شیربی بی میں سڑک کی بحالی کے کام کی وجہ سے دو گھنٹے اور چنانی ناشری ٹنل کی بندش کی وجہ سے چار گھنٹے 46 منٹ تک ٹریفک بلاک رہا۔انہوں نے مزید کہا کہ دس بھاری گاڑیوں کے ٹوٹنے اور خانہ بدوشوں اور ان کے مویشیوں کی پیدل نقل و حرکت کی وجہ سے ناشری اور بانہال سرنگوں کے درمیان مختلف مقامات پر ٹریفک کی نقل و حرکت سست ہے۔رام بن میں ٹریفک کے ضابطے کی نگرانی کرنے والے ٹریفک حکام نے بتایا کہ سینکڑوں پرائیویٹ کاریں، مسافر لائٹ، اور درمیانی گاڑیاں شاہراہ کے ناشری۔بانہال سیکٹر کو عبور کر کے اپنی اپنی منزل کی طرف جا چکی ہیں۔انہوں نے کہا کہ قاضی گنڈ، کشمیر سے دوپہر میں چھوڑی جانے والی بھاری گاڑیاں شاہراہ پر ایک منظم طریقے سے جموں کی طرف بانہال۔رام بن سیکٹر کو عبور کر رہی ہیں۔