پاور ڈیولپمنٹ کارپوریشن کی 81 ویں بورڈ آف ڈائریکٹرز کی میٹنگ ۔133.50 کروڑ روپے کی لاگت سے جموں کشمیرکے اولین بجلی گھر کے احیائے نوکومنظوری

سرینگر //ایڈیشنل چیف سیکرٹری مالیات وویک بھردواج نے یہاں سول سیکرٹریٹ میں جموں و کشمیر اسٹیٹ پاور ڈیولپمنٹ کارپوریشن لمٹیڈ ( جے کے ایس پی ڈی سی ایل ) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی 81 ویں میٹنگ کی صدارت کی ۔بورڈ آف ڈائریکٹرز نے تقریباً 133.50 کروڑ روپے کی تخمینہ لاگت سے تحصیل بونیار ضلع بارہمولہ میں واقع 10.5 میگاواٹ ( 2X5.25 میگاواٹ ) موہورا ہیریٹیج ہائیڈرو الیکٹرک پروجیکٹ کے ای پی سی کنٹریکٹ کے ایوارڈ کو منظوری دی ۔ موہورا ایس ایچ پی ایک رن آف ریور سکیم 1905 میں کشمیر میں دریائے جہلم پر بارہمولہ سے 35 کلو میٹر دور بونیار کے مقام پر تعمیر کی گئی تھی ، جس کی نصب صلاحیت 4 میگاواٹ تھی جسے بعد میں بڑھا کر 9 میگاواٹ کر دیا گیا ۔ یہ ایشیا کا دوسرا ہائیڈرو الیکٹرک منصوبہ تھا ۔ ایل جی انتظامیہ اس صدی پرانے پراجیکٹ کو بحال کرنے کی بہت خواہش مند ہے اور بورڈ آف ڈائریکٹرز نے آج اس منصوبے پر عمل درآمد کی منظوری دے دی ہے ۔ یہ منصوبہ 42 ماہ میں مکمل ہو گا ۔ وویک بھردواج جو بورڈ کے چئیر مین بھی ہیں ، نے ہدایت دی کہ کارپوریشن کے پروجیکٹوں کیلئے تمام ضروری منظوری جیسے فاریسٹ کلیرنس ، ایم ایچ اے کی منظوری وغیرہ کو جلد از جلد یقینی بنایا جائے ۔پرنسپل سیکرٹری پاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ نتیشور کمار نے ہدایت دی کہ پروجیکٹ کو بغیر کسی تاخیر کے وقت پر شروع کیا جائے ۔ میٹنگ میں سیکرٹری منصوبہ بندی ، ترقی اور مانیٹرنگ ، منیجنگ ڈائریکٹر جے کے ایس پی ڈی سی ایل ، سی پی ای ایس ، سی ای ، ایچ پی ایم سنٹرل الیکٹرسٹی اتھارٹی ، ڈائریکٹر فائنانس جے کے ایس پی ڈی سی ایل ، ایگزیکٹو ڈائریکٹر ( الیکٹرک ) ، ایگزیکٹو ڈائریکٹر ( سول ) ، کمپنی سیکرٹری اور کارپوریشن کے دیگر افسران نے شرکت کی ۔