پانچ ہزار یاتریوں پر مشتمل پہلے قافلے کا رام بن میں پرتپاک استقبال حفاظت کے سخت انتظامات، لامبر ٹرانزت کیمپ میں لنگر کا اہتمام

محمد تسکین
بانہال //سخت حفاظتی انتظامات کے بیچ سالانہ امرناتھ یاترا کا پہلا قافلہ بدھ کی صبح جموں سے ضلع رام بن پہنچا اور جہاں سے یاترا کو پہلگام اور بال تل کے راستے مقدس گپھا کیلئے روانہ کیا گیا۔ یاترا کا پہلا قافلہ 5000 سے زیادہ یاتریوں پر مشتمل تھا۔ بانہال قاضی گنڈ فورلین ٹنل کے قریب لامبر گراؤنڈ میں قائم ٹرانزٹ کیمپ جموں صوبہ میں یاتریوں کا آخری پڑاؤ ہے اور تمام سب ضلع اور تحصیل حکام شری امرناتھ یاترا کا پرتپاک استقبال کرنے کیلئے موجود تھے۔

 

ایس ڈی ایم بانہال ظہیر عباس ، ایس ایس پی رام بن موہیتا شرما ، ایڈیشنل ایس پی رام بن رجنی شرما، سی پی او رام بن ، انجینئر وید سنگھ اور تمام افسران اور رضاکار موجود تھے۔بانہال کے لامبر گراؤنڈ ٹرانزٹ کیمپ میں قائم لنگروں پر ناشتہ کرنے کے بعد یاترا کو پہلگام اور بال تل کے راستوں سے مقدس گھپا کا مزید سفر کرنے کیلئے کشمیر انتظامیہ کے حوالے کیا گیا۔ ضلع حکام نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ بدھ کے روز پانچ ہزار سے زائد یاتری پہلے قافلے کا حصہ تھے۔ انہوں نے کہا کہ کل 179 گاڑیاں یاترا میں شامل تھیں جن میں سے 60 یاترا گاڑیوں کو بال تل اور 110 گاڑیوں کو پہلگام کے راستے جانا ہے۔ حکام نے بتایا کہ جمعرات 30 جون یاترا کیلئے 4600 یاتریوں کی رجسٹریشن کی گئی ہے۔پہلے قافلے میں شامل یاتریوں نے سرکاری اور مقامی انتظامیہ کی طرف سے کئے گئے تمام انتظامات کا شکریہ ادا کیا ہے۔