پارلیمنٹ کا سرمائی اجلاس ملٹی اسٹیٹ کوآپریٹو سوسائٹیز (ترمیمی) بل لوک سبھا میں پیش

نئی دہلی//یو این آئی// لوک سبھا میں اسپیکر اوم برلا نے اپوزیشن ارکان کے زبردست احتجاج کے درمیان ایوان کی رائے کے مطابق ملٹی اسٹیٹ کوآپریٹو سوسائٹیز (ترمیمی) بل 2022 پیش کیا گیا۔ لوک سبھا میں کانگریس کے لیڈر ادھیر رنجن چودھری نے بل کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ یہ ریاست کا موضوع ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ بل لا کر مرکزی حکومت ریاستوں کے معاملات میں مداخلت کرنا چاہتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ ریاستوں کا معاملہ ہے اور یہ بل بناتے وقت ریاستوں کو اعتماد میں لیا جانا چاہئے تھا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ بل لا کر حکومت کوآپریٹیو سے متعلق ریاستوں کے حقوق میں مداخلت کرنا چاہتی ہے ۔ کانگریس کے منیش چودھری اور آر ایس پی کے کے پریم چندرن نے بھی اس بل کو قواعد کے خلاف قرار دیتے ہوئے اس کی مخالفت کی اور کہا کہ اسے ایوان میں لانے سے پہلے اسٹینڈنگ کمیٹی کو بھیجا جانا چاہئے ۔ ترنمول کانگریس کے سوگتا رائے نے بل کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ یہ غیر آئینی اور کوآپریٹیو کمیٹیوں کے خلاف ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ بل 2011 میں بھی ترمیم کے لیے لایا گیا تھا لیکن ریاستوں کے حقوق کو دیکھتے ہوئے اسے ختم کر دیا گیا تھا۔ ڈی ایم کے کے ٹی آر بالو نے بھی بل کی مخالفت کی اور کہا کہ یہ بل قواعد کے خلاف ہے ۔ کوآپریٹیو کے وزیر مملکت بی ایل ورما نے بل کو وقت کی ضرورت قرار دیا اور ریاستوں کے معاملات میں مداخلت کے اپوزیشن ارکان کے الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ ریاستوں کے حقوق پر حملہ نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ بل تعاون کے اصول کے مطابق ہے ۔ بعد ازاں سپیکر نے ایوان کی اکثریت کی رائے کی بنیاد پر بل پیش کیا۔