ٹی اے ایف آئی کاجموں کشمیر چپٹرقائم،منظور پختون صدر منتخب ’ہوم سٹے‘ پالیسی میں 25ہزاربیڈس کا ہدف :سیکریٹری سیاحت

سری نگر//سیکرٹری سیاحت سرمدحفیظ نے  یہاں ایس کے آئی سی سی میں جموںوکشمیر میں ٹریول ایجنٹس فیڈریشن آف اِنڈیا ( ٹی اے ایف آئی ) کے 12ویں چپٹر کا اِفتتاح کیا۔محکمہ سیاحت نے اِفتتاحی تقریب کا اہتمام ٹی اے ایف آئی کے اِشتراک سے کیا تھا۔اِس موقعہ پر منظور پختون کو بہ اتفاق رائے جموں وکشمیر چپٹرکے لئے ٹی اے ایف آئی کے 12ویں چپٹرکا پہلا صدر منتخب کیا گیا۔سیکرٹری سیاحت سرمد حفیظ نے اس  موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے اِس بات کا اعادہ کیا کہ جموںوکشمیر  ٹوراِزم نے گذشتہ چند برسوں میں جموںوکشمیر یوٹی میں سیاحتی شعبے کو فروغ دینے کے لئے متعدد اَقدامات کے ساتھ شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیاہے۔

 

اُنہوں نے کہا کہ جموںوکشمیر حکومت نے حال ہی میں ہوم سٹے کی نئی پالیسی شروع کی ہے جس کے تحت محکمہ جموںوکشمیر یوٹی کے مختلف سیاحتی مقامات اور جگہوں پر 25,000 بیڈس کو نشانہ بنارہا ہے ۔اُنہوں نے مزید کہا کہ کشمیر پوری دُنیا میں اَپنی مہمان نوازی کے لئے جاناجاتا ہے اور ٹی اے ایف آئی پر زور دیا کہ وہ بیرونی دُنیا میں ایک مثبت پیغام پھیلانے اور کشمیر کو بیرونی دُنیا کے سامنے دِکھانے میں مدد کرے ۔اُنہوں نے ٹی اے ایف آئی، جے اینڈ کے چپٹر اور اِس کی نئی ٹیم کو بھی مبارک باد دی اور اُمید ظاہر کی کہ یہ تعلقات جموںوکشمیر کی سیاحت کو فروغ دینے کے لئے نئی راہیں کھولیں گے ۔اِس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے صدر  ٹی اے ایف آئی  اَجے پرکاش نے جموںوکشمیر میں ٹی اے ایف آئی کے 12ویں چپٹر کے آغاز کو ایک تاریخی دِن قرار دیا اور اُنہوں نے مزید کہا کہ ایک نئے باب کے آغاز سے ہی ایک متحرک ، فعال اور تعاون کرنے والا باب وجود میں آیا ہے ۔ٹی اے ایف آئی کے جے اینڈ کے چپٹر کے نومنتخب صدر منظور پختون نے کہا کہ یہ ٹریول اینڈ ٹور پلیئرس کے لئے ایک قابل فخر لمحہ ہے اور کہا کہ جموںوکشمیر کی سیاحت کو فروغ دینے کے لئے تمام ٹوراِزم پلیئرس کو ایک اور متحد ہونا ہوگا۔اُنہوں نے اُمید ظاہر کی کہ تجارت سے متعلق مسائل کے لئے ٹی اے ایف آئی ہر طرح سے اَپنا کردار اَدا کرنے میں پیش پیش رہے گی۔