ٹیرر فنڈنگ کیس | عدالتی حکم پر حریت کانفرنس دفتر سر بمہر

اشفاق سعید
سرینگر// قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے اتوار کو راج باغ علاقے میں علیحدگی پسند حریت کانفرنس کے دفتر کو دہشت گردی کی فنڈنگ کے ایک معاملے میں دہلی کی ایک عدالت کے حکم پر منسلک کردیا۔وفاقی ایجنسی کی ایک ٹیم حریت دفتر پہنچی اور عمارت کی بیرونی دیوار پر ایک اٹیچمنٹ نوٹس چسپاں کیا۔ انہوں نے کہا کہ ’’تمام عوام الناس کو مطلع کرنا ہے کہ جس عمارت میں کل جماعتی حریت کانفرنس کا دفتر راجباغ میں واقع ہے اور مشترکہ طور پر نعیم احمد خان کی ملکیت ہے، جو اس وقت مقدمے کا سامنا کر رہے ہیں ،اسپیشل این آئی اے کورٹ پٹیالہ ہاؤس، نئی دہلی کے 27 جنوری 2023 کے عدالتی حکم کے ذریعے منسلک کیا گیا ہے۔حریت کانفرنس 26 علیحدگی پسند تنظیموں کا ایک مجموعہ ہے اور اس کی تشکیل 1993 میں ہوئی تھی۔حکومت کی طرف سے علیحدگی پسند گروپوں کے خلاف کریک ڈاؤن کے بعد اگست 2019 سے دفتر بند ہے۔ میرواعظ عمر فاروق کی زیرقیادت حریت کانفرنس نے کہا کہ ان کے دفتر سے منسلک ہونا لوگوں کو مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کی خواہش سے الگ نہیں کرے گا۔