ٹنگمرگ ہسپتال میں گلکوز سے مریضوں کی طبیعت بگڑگئی

ٹنگمرگ//سب ضلع ہسپتال ٹنگمرگ میں سرکاری گلکوز(RL) مریضوں کو لگانے سے مریضوں کی طبیعت اچانک بگڑنے سے تیمارداروں میں تشویش کی لہر پھیل گئی ۔ جمعہ کی شام سے سنیچر دوپہر تک ٹنگمرگ ہسپتال میں داخل پانچ مریضوں کو گلکوزچڑھانے سے دل کی دھڑکن تیز ہونے کے علاوہ ان پر نیم غنودگی چھا گئی جس سے بیماروں کے ساتھ ساتھ تیمارداروں میں تشویش پھیل گئی۔ معاملہ جوں ہی ہسپتال عملے نے بی ایم او ٹنگمرگ کی نوٹس میں لایا تو انہوںنے فی الحال مذکورہ لیبل کے گلکوز کو مریضوں کو نہ لگانے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے یہ معاملہ اعلی افسران کی نوٹس میں لایا۔ اس حوالے سے بلاک میڈیکل افسر ٹنگمرگ ڈاکٹر صبیحہ وانی نے تیمارداروں کی طرف سے گلکوز غیر معیاری ہونے کے الزامات کو خارج کرتے ہوئے کہاکہ یہ گلکوز سرکاری سپلائی ہے اور مرکزی صحت جانچ کے بعد ہی سرکاری ہسپتالوں کو سپلائی کرتا ہے۔انہوںنے عملے کو جانچ کے بعد ہی گلکوز اور انجکشن مریضوں کو لگانے کی ہدایت دی ۔