ٹریفک جام کے نرغے میں قومی شاہراہ قابل آمدورفت اورٹیکنگ میں ملوث گاڑیوں کیخلاف کاروائی جاری،2درجن گاڑیاں بلیک لسٹ

محمد تسکین
بانہال// پیر کے روز جموں سرینگر قومی شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت جاری رہی تاہم شاہراہ صبح سے ہی رام بن اور بانہال کے درمیان کئی مقامات پر ٹریفک جام کی وجہ سے ٹریفک کی نقل وحرکت سست رفتاری کا شکار رہی م۔رام بن کے مہاڑ علاقے میں پیر کے روز بھی وقفے وقفے سے گرتے پتھروں کی وجہ سے ٹریفک کی نقل وحرکت سست رفتار رہی اور اس سے جمع ہونے والے ٹریفک کی لمبی قطاریں جام کا سبب بنتی ہیں جبکہ شاہراہ پر مال کو لیکر پیدل چلنے پر پابندی کے باوجود گوجر بکروال خانہ بدوش اپنی بھیڑ بکریاں لیکر پہلے ہی سے دشواریوں کا باعث بنی شاہراہ پر ٹریفک جام میں اضافے کا باعث بنتے ہیں ، جس کی وجہ سے ادہم پور سے وادی کشمیر کی طرف جانے والی کل کے ٹریفک کی مال بردار گاڑیوں اور دوطرفہ ٹریفک میں مسافر بردار گاڑی والوں اور سیاحوں کو کئی گھنٹوں کی تاخیر کے ساتھ اپنی منزلوں کو پہنچنا پڑتا ہے اور اس سے ان کی ریل سروس کا شیڈول بھی متاثر ہوجاتا ہے۔ضلع رام بن میں پابندی کے باوجود شاہراہ پر بھیڑ بکریوں سمیت پیدل ہجرت کرنے والے کئی بکروالوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ انہیں معلوم ہی نہیں ہے کہ ضلع انتظامیہ رام بن اور سرکار کی طرف سے ان کیلئے بانہال نوگام میں مال کو ٹرانسپورٹ کرنے کیلئے پچاس ٹرکوں کا انتظام رکھا گیا ہے اور ان کے چلنے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سرکاری احکامات کی جانکاری نہ ہونے کی وجہ سے وہ وادی کشمیر کے مختلف علاقوں سے پیر پنجال کے پہاڑی سلسلے کے کئی مقامات کو کراس کرکے بانہال پہنچتے ہیں اور جموں سرینگر شاہراہ اور دوسری رابطہ سڑکوں اور راستوں سے آگے بڑھتے ہیں۔ شاہراہ کے حوالے سے بات کرنے پر ٹریفک پولیس ذرائع نے بتایا کہ مہاڑ کے پاس وقفے وقفے سے پتھر گر رہے ہیں جس کی وجہ سے ٹریفک کی آمدورفت سست روی کا شکار ہوجاتی ہے اور گاڑیوں کی قطاریں لگ جاتی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ خانہ بدوش بکروال اپنی بھیڑ بکریوں کو لیکر شاہراہ پر چل رہے ہیں جس کی وجہ سے ان کے گزرنے والے علاقوں میں وقتی ٹریفک جام ہو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیشتر ٹریفک کو کشمیر کی طرف نکالنے کے بعد پیر کی دوپہر سے وادی کشمیر سے سیبوں سے لدھے مال بردار ٹرکوں کو بھی جموں کی طرف چلنے کی اجازت دی گئی ہے اور یہ سلسلہ شام تک جاری تھا۔ انہوں نے کہا کہ اس دوران شاہراہ پر اور ٹیکنگ اور غلط ڈرائیونگ سے ٹریفک جام کرنے والے گاڑی والوں کے خلاف ٹریفک پولیس ، پولیس اور موٹر وہیکلز ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے کاروائیوں کا سلسلہ جاری ہے اور اب تک دو درجن کے قریب مسافر گاڑیوں کو بلیک لسٹ قرار دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹی مسافر گاڑی والوں کیطرف سے بلا وجہ کی اورٹیکنگ کو کسی صورت میں برداشت نہیں کیا جائیگا اور ایسی گاڑیوں کو بلیک لسٹ کرنے ، بھاری جرمانے عائد کرنے اور ضبط کرنے تک کی کاروائی کی جائے گی۔