وی ڈی سی ممبر کی بندوق چلی، اتفاقاً گولی لگنے سے بیوی ہلاک:پولیس

 عشر ت بٹ

پونچھ//پونچھ کے سرنکوٹ سب ڈویژن کے اپر مرہ گاؤں کی ایک خاتون جمعرات کی شام اس کے شوہر کے ہاتھوں بندوق کی گولی لگنے کے بعد ہلاک ہوگئی۔ اسکے خاوند کو پولیس نے حراست میں لیا ہے اور گاؤں کی دفاعی کمیٹی کی رائفل ضبط کر لی گئی ۔متوفی کی شناخت روبینہ کوثر زوجہ نثار حسین ساکن اپر مرہ گاؤں کے نام سے ہوئی ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کا واقعہ مقتول کے گھر میں پیش آیا جس میں روبینہ زخمی ہوکر دم توڑ گئی۔پولیس نے مزید بتایا کہ متوفی کے شوہر کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ یہ واقعہ زیر حراست شخص کے وی ڈی سی ہتھیار سے حادثاتی طور پر گولی لگنے سے پیش آیا۔