وزیر داخلہ امیت شاہ جموں وارد راج بھون میں سیکورٹی صورتحال سے متعلق اعلیٰ سطحی جائزہ یٹنگ، کئی امور پر تبادلہ خیال

آج راجوری میں عوامی جلسہ ، علاقے میں بندشیں عائد ،سڑکیں بند

سمت بھارگو

جموں+راجوری//مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ پیر کی شام3 روزہ دورے پرجموں کشمیر پہنچے جہاں ائر پورٹ پر لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا ، ڈاکٹر جتیندر سنگھ،بھاجپا صدر رویندر رینہ ، کویندر گپتا اور دوسرے سینئر لیڈران نے اْن کا استقبال کیا۔مرکزی وزیر داخلہ آج یعنی منگل کو راجوری میں ایک بڑے عوامی جلسے سے خطاب کرینگے ۔مذکورہ ریلی کیلئے تمام ضروری انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں اور راجوری شہر کی کئی سڑکوں کوبند کرکے آمد ورفت کیلئے بند کردیا گیا ہے ۔ امیت شاہ پیر کی شام جب جموں کے ہوا ئی اڈے پر پہنچے تو لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کے علاوہ سیول و سیکورٹی عہدیداروں نے اْن کا شاندار استقبال کیا۔ وزیر داخلہ ہوائی اڈے سے سیدھے راج بھون جموں کی طرف روانہ ہوئے جہاں پرانہوں نے سیکورٹی صورتحال کا ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران جائزہ لیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سی آر پی ایف ، بی ایس ایف ، آرمی اور سراغ رساں ایجنسیوں کے سینئر افسران ایک روز قبل ہی جموں وارد ہوئے تھے۔

 

سیکورٹی جائزہ میٹنگ میں لیفٹیننٹ گورنر اور ڈاکٹر جتندر سنگھ کے علاوہ،ڈائریکٹر جنرل پولیس، فوج کے شمالی کمان کے سربراہ، سی آر پی ایف کے ڈائریکٹر جنرل، بی ایس ایف کے انسپکٹر جنرل،سراغرساں ایجنسیوں کے عہدیدار اور وزارت داخلہ کے سینئر ترین افسران موجود تھے۔ میٹنگ کے دوران سیکورٹی کا جائزہ لینے کے دوران ملی ٹینسی کے واقعات، ملی ٹینٹوں کی تعداد، انکے خلاف کارروائیاں، اقلیتی فرقے کی حفاظت کے اقدامات،تعمیراتی سرگرمیوں،امن و قانون کے قیام کیلئے اٹھائے جارہے اقدامات کے علاوہ مجموعی صورتحال کے بارے میں جانکاری دی گئی۔میٹنگ میں وزیر داخلہ نے ملی تینصی کیخلاف موجودہ زیرو ٹالرنس برقرار رکھنے کی ہدایات دیں اور ملی ٹینسی کیخلاف کثیر رخی حکمت عملی اپنانے پر زور دیا۔انہوں نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ کئی علاقے ملی ٹینصی سے پاک ہوگئے ہیں اور اب انکے خلاف فیصلہ کن طریقے سے کارروائیاں کی جارہی ہیں۔وزیر داخلہ نے منشیات کیخلاف کارروائیوں کے بارے مٰن بھی جانکاری حاصل کی اور دراندازی سے متعلق اعدادوشمار کی آگاہی بھی حاصل کی۔وزیر داخلہ منگل کی صبح ویشنوی دیوی میں حاضری دینے جارہیے ہیں۔جس کے بعد وہ بھاجپا کی مقامی قیادت سے بات چیت کریں گے۔ وزیر داخلہ آج یعنی منگل وار کو راجوری میں ایک بڑے عوامی جلسے سے خطاب کرینگے۔ عوامی ریلی کیلئے انتظامیہ کی جانب سے تمام ضروری انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں اور راجوری شہر کی کئی سڑکوں پر بندشیں عائد کر کے آمد ورفت کیلئے بند کردیا گیا ہے ۔امت شاہ منگل کی صبح تقریباً 11 بجے راجوری پہنچنے والے ہیں جہاں وہ سلانی پل کے قریب نئے بس سٹینڈ پرایک ریلی سے خطاب کریں گے۔عہدیداروں نے بتایا کہ اس ریلی کے تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے ،کرسیاں بچھائی گئی ہیں، خیمے لگائے گئے ہیں اور مناسب بیریکیڈنگ کی گئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ وی وی آئی پی کیلئے سجایا گیا سٹیج نصب کیا گیا ہے جس میں پنڈال کے ارد گرد ایک سے زیادہ سکرینیں بھی لگائی گئی ہیں جبکہ مناسب پاور بیک اپ سسٹم، ہائی ٹیک ساؤنڈ سسٹم بھی موجود ہے۔دوسری جانب حکام نے سخت حفاظتی انتظامات کو برقرار رکھنے کیلئے شہر کی کچھ سڑکوں پر پابندیاں عائد کر دیں۔انہوں نے کہا کہ پنڈال کی سیکورٹی جموں و کشمیر پولیس کے سیکورٹی ونگز نے سنبھال لی ہے جبکہ وزارت داخلہ کی سیکورٹی کی خصوصی ٹیمیں بھی سیکورٹی انتظامات کی نگرانی کر رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس کے ساتھ ساتھ، شہر کے کچھ علاقوں اور خاص طور پر پنڈال کے قریب فوج کو بھی تعینات کیا گیا ہے تاکہ مشترکہ سیکورٹی پلان کے تحت چوکسی بڑھائی جا سکے۔

بارہمولہ میںجلسہ کی تیاری
ٹریفک ایڈوائزری جاری
بلال فرقانی

سرینگر// محکمہ ٹریفک نے بدھ 5 اکتوبر کو بارہمولہ کے شوکت علی اسٹیڈیم میں وزیر داخلہ امیت شاہ کے عوامی جلسے کے پیش نظر سرینگر سے بارہمولہ اور واپسی کے علاوہ اوڑی سے بارہمولہ اور واپسی کے سلسلے میں ٹریفک ایڈوائزری جاری کی ہے۔ایس ایس پی ٹریفک رورل منظور احمد میر نے اس سلسلے میں ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوامی جلسے کے پیش نظر5 اکتوبر کو سرینگر سے بارہمولہ و اوڑی جانے والی گاڑیاں سرینگر سے،پٹن اور سنگرامہ کا راستہ استعمال کرتے ہوئے فروٹ منڈی سوپور سے ہوتے ہوئے لڈورہ رفیع آباد اور آزاد گنج بارہمولہ کا راستہ استعمال کرتے ہوئے خان پورہ پل سے اوڑی روانہ ہونگیں۔ ایڈوازئری کے مطابق اوڑی سے سرینگر آنے والی گاڑیاں اسی روٹ کا استعمال کریںگی۔