وزیرداخلہ کے دورے سے متعلق حفاظتی انتظامات پولیس سربراہ نے دورہ بارہمولہ کے دوران جائزہ لیا

سرینگر//پولیس سربراہ دلباغ سنگھ نے بارہ مولہ کاپیرکودورہ کرکے اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی،تاکہ وزیرداخلہ امت شاہ کے دورے کے سلسلے میں کئے گئے حفاظتی انتظامات کا جائزہ لیاجائے۔ان کے ہمراہ کشمیرصوبے کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنر ل پولیس وجے کماربھی تھے۔میٹنگ کے دوران وزیرداخلہ کے دورے سے متعلق انتظامات پرتفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا۔

 

میٹنگ کے دوران خفیہ اداروں اور فورسزکی ایجنسیوں کی مزید نفری مختلف مقامات پرتعینات کرنے پر بھی بحث ومباحثہ ہوا۔ میٹنگ میں پولیس سربراہ نے فورسزکی مختلف ایجنسیوں ،جو خاص الخاص شخصیت کی حفاظت پر مامور ہوں گے،کے درمیان بہترتال میل پرزوردیا۔انہوں نے افسروں پر زوردیا کہ وہ مشتبہ ومشکوک افراد پرکڑی نگاہ رکھیں جوہروقت پرامن ماحول کو درہم برہم کرنے کی تاک میں ہوتے ہیں ۔انہوں نے افسروں پرزوردیا کہ ہو مختلف مقامات پر حفاظتی ڈیوٹی کیلئے تعینات کئے جانے والے اہلکاروں کومناسب طوراپنی ڈیوٹی سمجھائیں ۔انہوں نے ان راستوں جن سے وزیرداخلہ کزریں گے،اور ان مقامات جہاں وہ جائیں گے،کی کلوزسرکت ٹیلیویژن نے نگرانی کرنے پربھی زوردیا۔انہوں نے مختلف ایجنسیوں کے درمیان بہتر رابطے کیلئے جامع مواصلاتی نیٹ ورک کی بھی ہدایت دی۔انہوں نے عوامی ٹرانسپورٹ کو متبادل راستوں سے بھی موڑنے کی ہدایت دی تاکہ حفاظتی وجوہات کی بناپرعام آدمی کو مشکل نہ ہو۔اس دوران ڈیوٹی فوت ہوئے یامارے گئے پولیس اہلکاروں کے پسماندگان کو مالی راحت بہم کرانے کی پہل کوجاری رکھتے ہوئے پولیس سربراہ دلباغ سنگھ نے 1.5کروڑروپے کی رقم منظور کی ہے۔ایک حکم کے مطابق 53ایس پی اوزکواپنی ضروریات پورا کرنے کیلئے پولیس سربراہ نے 14لاکھ 50ہزارروپے کی رقم بھی منظور کی۔متوفی اسسٹنٹ سب انسپکٹررتن دت،اسسٹنٹ سب انسپکٹرغلام محمد،اسسٹنٹ سب انسپکٹرکلدیپ سنگھ ،ہیڈکانسٹیبل مشتاق احمد،سارجنٹ راجندرکمار اور کانسٹیبل شون کمار کے پسماندگان کے حق میں فی کس22لاکھ روپے کی امدادی رقم منظور کی گئی۔اس کے علاوہ کانسٹیبل رچناکھجوریہ کے قانونی پسماندگا ن کے حق میں 6لاکھ روپے کی خصوصی امدادبھی منظور کی گئی۔متوفی اہلکار دوران ڈیوٹی بیماری کی وجہ سے فوت ہوئے۔ایک ایک لاکھ روپے کی فوری امداد ان اہلکاروں کے پسماندگان کو پہلے ہی اداکی جاچکی ہے تاکہ وہ ان کے آخری رسومات انجام دے سکیں۔اسی طرح 6لاکھ روپے فی کس کی خصوصی امدادمتوفی ایس پی اوز سنجے کمار،لال سنگھ کے پسماندگان کودینے کاحکم جاری کیاگیا جو محکمہ سے وابستگی کے دوران فوت ہوئے۔اس کے علاوہ پولیس سربراہ نے53ایس پی اوزکے حق میں 14لاکھ85ہزاررروپے کی مالی معاونت بھی منظور کی ،تاکہ وہ اپنی ضروریات پوراکرسکیں۔