ورلڈ بینک کی سری لنکا کو مدد کی یقین دہانی

کولمبو//یو این آئی// سری لنکا کے وزیر اعظم دنیش گنووردھنے نے بدھ کے روز کہا کہ عالمی بینک نے سری لنکا کو اپنی مدد جاری رکھنے کا وعدہ کیا ہے ۔ڈیلی مرر کی رپورٹ کے مطابق مسٹر گنوردھنے نے ورلڈ بینک کے کنٹری ڈائریکٹر چیو کانڈا اور اعلیٰ آپریشنز حکام کے ساتھ جاری منصوبوں اور مستقبل کے مجوزہ منصوبوں کی پیشرفت پر تبادلہ خیال کرنے کے بعد یہ بیان دیا۔وزیراعظم نے عالمی بینک کے وفد کو معاشی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے حکومت کی جانب سے کیے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ نئی اصلاحات کے نتیجے میں بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے ساتھ مالیاتی بندوبست جلد از جلد مکمل ہو جائیں گے ۔عالمی بینک کے ڈائریکٹر نے اقتصادی صورتحال کو حل کرنے کے لیے کیے گئے قلیل مدتی اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور درمیانی مدت اور طویل مدتی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے سری لنکا کی مدد جاری رکھنے کا بھی یقین دلایا۔مسٹر چیوکانڈا نے نئی اصلاحات پر تبادلہ خیال کیا جن میں مالیاتی اور مالی اصلاحات شامل ہیں جو ملک کو موجودہ اقتصادی بحران سے نکالنے کے لیے جلد ہی کابینہ اور پارلیمنٹ سے پاس ہونے والی ہیں۔