وارپورہ سوپور کے نوجوان کی پْراسرارموت  | لواحقین کاسوپوربانڈی پورہ روڈ پراحتجاج

غلام محمد
سوپور// شمالی قصبہ سوپورمیں پیر کے روز ایک مکان میں پْراسرارطور پر مردہ پائے گئے ایک29سالہ نوجوان کے لواحقین نے بدھ کو احتجاج کیا۔احتجاجی مظاہرین نے الزام لگایاکہ اْن کے لخت جگر کا قتل کیاگیا ہے۔انہوںنے پولیس حکام سے شہزاد احمد ملک کے قتل میں ملوث افراد کی فوری گرفتاری کامطالبہ کیا۔30جنوری2023 پیرکی شام کوبادشاہ محلہ سوپور میں واقع ایک مکان سے 29سالہ نوجوان شہزاد احمد ملک ساکن بونہ پورہ وارپورہ سوپورکوپراسرار طور پر مردہ پایا گیا ۔مذکورہ نوجوان کے لواحقین بشمول مردوزن نے بدھ کی صبح سوپور،بانڈی پورہ روڈ پر جمع ہوکر احتجاج کیا۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ شہزاد ملک کوقتل کیاگیا ہے۔انہوںنے مطالبہ کیاکہ اس نوجوان کے مبینہ قتل کے معاملے کی فوری تحقیقات عمل میں لاکر ملوثین کوگرفتار کیاجائے۔احتجاج کے دوران اس وقت رقت آمیزمناظر دیکھے گئے ،جب احتجاج میں شامل اس نوجوان کی ایک قریبی رشتہ دار خاتون بے ہوش ہوگئیں۔احتجاجی مظاہرین نے واقعہ کی مکمل تحقیقات کا پولیس سے مطالبہ کیا ہے۔ادھر پولیس کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں پہلے ہی مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔