وادی میں گرمی کی لہر نا قابل برداشت| درجہ حرارت34ڈگری آج اور کل شدت کی گرمی میں راحت کا امکان:سونم لوٹس

اشفاق سعید

سرینگر// سرینگر میں گرمی کی شدید ترین لہر نے لوگوں کے پسینے نکال دیئے ہیں اور سرینگر میں دن کا درجہ حرارت ایک بار پھر 34ڈگری کو چھو گیا ہے جبکہ کپوارہ میں روان موسم کا گرم ترین دن ریکارڈ کیا گیا جہاں درجہ حرارت 34.7ڈگری تک جا پہنچا ۔ محکمہ موسمیات نے آج اور کل گرمی کی شدت میں معمولی کمی آنے کا امکان ظاہر کیا ہے ۔معلوم رہے کہ اس سے قبل سرینگر میں 29 جولائی2013 کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت35.4 ڈگری ریکارڈ کیا گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ جولائی کے مہینے میں سرینگرمیں اب تک کا زیادہ درجہ حرارت39.5 ڈگری سلسیش رہاہے ،جو15 جولائی1973 کو ریکارڈ کیا گیا تھا۔غورطلب ہے کہ اتوار کوسرینگرمیں دن کادرجہ حرارت33.7ڈگری سلسیش ریکارڈکیاگیا۔29جون کو وادی میںدرجہ حرارت 34 ڈگری ریکارڈ کیا گیا ۔ابتک جون میں 34.2درجہ حرارت درج ہوا ہے۔قاضی گنڈ میں پیر کو درجہ حرات 32.3ڈگری اور پہلگام میں 29.0ڈگری،گلمرگ میں 23.5ڈگری س اور کپوارہ میں سب سے زیادہ 34.7ڈگری سلسیش رہا۔

 

محکمہ موسمیات کے مطابق سرینگرمیں 2021میں33برس بعد گرم ترین رات ریکارڈ کی گئی۔ 26اور27جولائی کی درمیانی رات شبانہ درجہ حرارت24.8ڈگری سلسیش رہاجبکہ9جولائی 2002 کو رات کادرجہ حرارت 24.4 ڈگری ریکارڈ کیا گیاتھا۔تاہم سرینگر میں گزشتہ4 دہائیوں میں جولائی کی گرم ترین رات1988 میں ریکارڈ کی گئی جب 21 جولائی کورات کے وقت پارہ25.2 ڈگری تک پہنچ گیا تھا۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ جولائی جموں و کشمیر میں گرم ترین مہینہ ماناجاتا ہے،اوراس مہینے درجہ حرارت سب سے زیادہ درج ہوتا ہے۔موسمیاتی ماہرین کامانناہے کہ امسال گرم ترین رات کاریکارڈ ٹوٹ سکتا ہے ،کیونکہ دن کیساتھ ساتھ رات کے وقت بھی درجہ حرارت میں مسلسل اضافہ ہورہاہے۔غور طلب ہے کہ اتواراورپیر کی درمیانی رات سرینگرمیں درجہ حرارت24ڈگری تھا جو معمول سے6.3 ڈگری زیادہ ریکارڈ ہوا تھا۔محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر سونم لوٹس کے مطابق وادی کشمیر میں جاری شدید گرمی کے بیچ اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران کہیں کہیں ہلکی بارشوں کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ موسم کی یہی صورتحال اگلے ایک ہفتے کے دوران جاری رہ سکتی ہے۔

 

محکمہ موسمیات نے بتایاکہ جموں و کشمیر میں موسم بنیادی طور پر صاف اور جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ تاہم منگل سے ہلکی بارش متوقع ہے، جوکشمیر وادی میں گرمی کی موجودہ لہر میں کمی کاموجب بن سکتی ہے۔