وادی میں ژالہ باری نے تباہی مچا دی تیز آندھی چلنے سے چھتیں اُڑ گئیں،شکارے پلٹ گئے، درخت اور بجلی کے کھمبے اُکھڑ گئے

  میوہ باغات اور کھڑی فصلوں کو بھاری نقصان ، شمال و جنوب میں بجلی کا نظام درہم برہم

اشفاق سعید

 

سرینگر//وادی کے بیشتر مقامات پردوپہر کے بعد موسم نے اچانک کروٹ لی اور شدید بارشوں کے ساتھ زوردار آندھی اور قہر انگیز ژالہ باری نے تباہی مچا دی ،مکانوں و دکانوں کی چھتیں گر گئیں اور درخت و بجلی کے کھمبے اکھڑ گئے، جس سے گاڑیوں اور میوہ باغات کو بھاری نقصان پہنچا جبکہ متعدد علاقوں میں بجلی سپلائی بند ہوگئی۔پلوامہ سے سید اعجاز کے مطابق پلوامہ کے مختلف علاقوں میں جمعرات کی شام 6بجے کے قریب تیز ہوئیں چلیں جس کے نتیجے متعدد مقامات پر مکانوں کے چھتیں اڑ گئیں اور درخت اکھڑ گئے، جن کی وجہ سے کئی مقامات پر مکانوں اور دیگر قسم کے تعمیراتی ڈھانچوں کو نقصان پہنچا ۔ہمدانیہ بازار ترال بالا میں ایک بوسیدہ چنارکی بھاری شاخ زمین پر گر آئی ، جس کے نتیجے میں یہاںکچھ راہگیر اور گاڑی میںسوار لوگ بال بال بچ گئے ۔پنگلش ترال میں محمد اقبال شیخ ولد جلال الدین شیخ کے رہاشی مکان پر ایک اخروٹ کا درخت گر آنے سے نقصان پہنچا ۔ دیور روڑ پر کنڈ آستان کے نزدیک چنار کے درخت کی ایک شاخ گر آئی جو بیکری کے کارخانے کے قریب گری ۔ادھر ترال قصبے سے بھی کچھ مکانوں کے چھتیں اڑنے کی اطلاع موصول ہوئی ہے ۔ سید آباد پستونہ،بٹہ گنڈ،آری گام ،شیر آباد،پنگلش،مونگہامہ چھتر گام میں درخت اکھڑگئے۔ادھر خانہ گنڈ میڈورہ میںسجاد احمد ملک ولد غلام رسول ملک کے رہائشی شیڈ پر درخت گر آیا تاہم افراد خانہ بال بال بچ گئے ، شیڈ کو نقصان پہنچا ۔ شاجن ترال میں چند مکانوں کے چھتوں کو نقصان پہنچنے کی اطلاع موصول ہوئی ہے ۔ تیز ہوائیں چلنے کے بعد ناگہ بل برن پتھری،کنگہ لورہ کہلیل،دودھ مرگ، ناگہ پتھری وغیرہ علاقوں میں قریب 10منٹ تک شدید ژالہ باری ہوئی ،جس کے نتیجے میں یہاں فصلوں اور میوہ باغات کے ساتھ ساتھ سبزیوں کوشدید نقصان پہنچا ۔

 

 

 

کپوارہ
کپوارہ سے اشرف چراغ کے مطابق جمعرات کی دوپہر درجنوںدیہات کپوارہ قصبہ،بوہی پورہ ،باتر گام، گلگام، لدرون، کاواری، زرہامہ، ترہیگام، کرالہ پورہ، دردسن ،ریشی گنڈ، گزریال ،لون ہرے، میلیال، کا چہامہ میں قہر انگیز ژالہ باری ہوئی جس کی وجہ سے ہر سو تباہی مچ گئی۔ان علاقوں کے لوگوں کا کہنا ہے ان علاقوں میں دوسری بار ژالہ باری ہوئی ہے اور اس نے رہی سہی کسر پوری کردی۔کسانوں کا کہنا ہے کہ ژالہ باری کے نتیجے میں میوہ باغات، دھان کی پنیری، سبزی، اخروٹ کی فصل کو زبردست نقصان پہنچ چکا ہے۔ متاثرہ دیہات کے لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ 10 منٹ تک جاری رہنے والی ژالہ باری کے بعد موسلادھار بارش ہوئی جس نے درجنوں دیہات میں تباہی مچادی۔انہوں نے بتایا کہ مکئی، سیب اور گیلاس کے باغات، ہریل، دربل، مونابل، لاہیکوٹ ،اترو،سا ڈرنگسو، شاہ نگری اوروورہ نوگام ،لاووسہ کپواڑہ، ترہگام، ہانجی پورہ، ہیری، باترگام، درگمولہ، اور کئی دیگر گائوں بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔

 

 

 

بارہمولہ
بارہمولہ سے اطلاعات ہیں کہ قصبہ بارہمولہ ، رفیع آباد ، کنڈی، سنگرامہ بلاک ،واگورہ بلاک، کریری ، ٹنگمرگ ، کنزر اور پٹن کے متعدد دیہات میں شدید ژالہ باری ہوئی ۔سوپور سے غلام محمد کے مطابق ژالہ باری کا سلسلہ قریب دس سے 15منٹ تک جاری رہا۔ میوہ کے ساتھ ساتھ سبزی کی کیاریوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ۔مشتاق الحسن نے ٹنگمرگ سے اطلاع دی ہے کہ گلمرگ، افروٹ پہاڑی پر تازہ ہلکی برفباری ہوئی جبکہ کنزر کے متعدد دیہات نہ گام، ریرم ،دررور مرچی پورہ، ملہ گام ،دیوبگ میں ژالہ باری سے کھڑی فصلوں اور میوہ باغات کو نقصان پہنچا ۔جبکہ اوڑی کے متعدد دیہات میں بھی شدید ژالہ باری سے تباہی ہوئی جس کے میں وہاں درخت اکھڑ گئے ہیں جبکہ ہتھ لنگا میں 11کے وی بجلی کی ترسیلی لائن کو بھی نقصان پہنچنے کی اطلاع ہے ۔تیز آندھی کی وجہ سے اکثر علاقوں میں بجلی سپلائی بھی متاثر ہو کر رہ گئی ۔

 

 

 

جنوبی و سطی کشمیر
اننت ناگ کے متعد علاقوں میں بھی تیز آندھی کے ساتھ ہی شدید ژالہ باری ہوئی جس کے نتیجے میں کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچا ۔ادھر جمبو عشمقام میں درخت گرنے سے گاڑی کو شدید نقصان پہنچا ۔ادھر کولگام میں بھی تیز ہوائوں کے ساتھ شدید بارشیں ہوئی ہیں ،جو شام دیر گئے تک جاری تھیں ۔بڈگام کے بیروہ اور خانصاب کے متعدد دیہات میں بھی شدید ژالہ باری ہونے کئی اطلاعات ہیں جہاں فصلوں کو نقصان پہنچا ہے ۔

 

 

 

شہر سرینگر
ادھر سرینگر میں تیز ہوائوں کے نتیجے میں جھیل ڈل میں کئی کشتیاں الٹ گئیں اور کئی تیز ہوائوں کے بیچ پھنس گئیں۔ ایس ڈی آر ایف اور ریور پولیس نے اپنی جانوں کوخطرے میں ڈال کر کم از کم ایک درجن سیاحوں کو محفوظ جگہ منتقل کیا۔سری نگر کے مضافاتی علاقوں میں بھی کئی درخت گر آئے ہیں۔ادھر ٹینگہ پورہ علاقے میں ایک 18سالہ لڑکا فلڈ چینل میں گر گیا ۔کنگن گاندربل کا رہنے والا ایک نوجوان ٹینگہ پورہ کے نزدیک فلڈ چینل میں پھنس گیا ،یہ واقع تیز آندھی اور بارش کی وجہ سے پیش آیا ۔حکام کے مطابق خبر پھیلنے کے فوراً بعد، ایک پولیس ٹیم موقع پر پہنچ گئی، اور مقامی لوگوں کے ساتھ مل کر ریسکیو آپریشن شروع کیا جو شام دیر گئے تک جاری تھا۔

 

 

موسم
وادی کشمیر میں جمعرات کو بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر میں 26 مئی تک “کافی وسیع پیمانے پر وقفے وقفے سے ہلکی سے درمیانی بارش” کی پیش گوئی کی ہے۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ سرینگر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صبح 8.30 بجے تک 6.6 ملی میٹر بارش ہوئی، قاضی گنڈ میں 11.6 ، پہلگام میں 20.1 ، کپواڑہ میں 5.9 ، کوکرناگ میں 21.0 ، گلمرگ میں 7.8 ، جموں میں 0.8 ، بانہال میں 32 ، بانہال میں 34 ،کٹرہ 3.4 اور بھدرواہ میں 19.4 ملی میٹر بارش ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ 26 مئی کو بھی ہلکی سے درمیانی بارش/گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر ژالہ باری اور تیز ہواؤں کا امکان ہے۔”انہوں نے کہا کہ 27 سے 28 مئی تک چند مقامات پر وقفے وقفے سے ہلکی بارش/گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔انہوں نے 29-30 مئی کی پیش گوئی کے بارے میں کہا، “کافی وسیع پیمانے پر وقفے وقفے سے ہلکی سے درمیانی بارش/ گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر ژالہ باری اور تیز ہواؤں کا امکان ہے”۔