وادی میں قائم’ آشیانہ اطفال‘ متعلقہ محکمے کیساتھ رجسٹر کرانے کا حکم

پرویز احمد

 

سرینگر //چائلڈ ویلفیئر کمیٹی سرینگر نے وادی میں قائم تمام ’ آشیانہ اطفال‘کو رجسٹر کرنے کی ہدایات دی ہیں۔ کمیٹی کی جانب سے منگل کو جاری حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ چائلڈ کیئر ہوم مختلف زیادتیوں کے شکار بچوں کی زندگیاں بحال کرنے میں اہم کردار ادار کرتے ہیں ۔ اس لئے اس نیک مشن میں شامل تمام ’ آشیانہ اطفال‘ کو قانون کے تحت اپنے ادارے رجسٹر کرنے چاہئیں۔حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ ان اداروں کی رجسٹریشن صرف ایک قانونی ضرورت نہیں ہے بلکہ بچوں کی معیاری دیکھ بھال اور ترقی کیلئے بھی لازمی ہے۔

 

 

حکم نامہ میں جو نائل جسٹس قانون کے سیکشن 41کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا گیاہے کہ قانون کی رو سے تمام سرکاری یا رضاکار تنظیموں کی جانب سے چلائے جارہے ادارے ،جو زیادتیوں اور مصیبت میں مبتلا بچوں کی رہائش کے مقصد سے بنائے گئے ہیں ، کی رجسٹریشن کرانا ہوگی۔ حکم نامہ میں مزید کہا گیا ہے کہ اگر مصیبت اور زیادتوں کے شکار بچوں کی رہائش کیلئے بنائے گئے ، یہ ادارے رجسٹر نہیں کئے گئے تو ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی جو ایک سال کی سزا یا ایک لاکھ روپے یا دونوں پر محیط ہوگی۔ حکم نامہ میں مزید لکھا گیا ہے کہ رجسٹریشن میںتاخیر کو علیحدہ جرم سمجھا جائے گا۔ حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ تمام چائلڈکیئر ہوم کو ڈائریکٹر مشن واتسلیہ (Director Mission Vatsalya)میں رجسٹریشن کرانی ہوگی۔