وادی میں سٹیٹ کوآپریٹو ڈیولپمنٹ بینک کی شاخیں ناقص کارکردگی پر کارروائی ہوگی:یشا مدگل

نیوز ڈیسک

جموں// ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی بینک شاخوں کیخلاف سخت کارروائی کا انتباہ دیتے ہوئے کمشنر سیکریٹری کوآپریٹیو، یشا مدگل نے جموں و کشمیر اسٹیٹ کوآپریٹو ایگریکلچر اینڈ رورل ڈیولپمنٹ بینک لمیٹڈ کے تمام اداروں کو مقررہ اہداف بروقت حاصل کرنے کیلئے کشمیر ڈویژن میں کام کرنے کی کوششیں تیز کرنے کی تلقین کی۔ کمشنر سکریٹری نے کشمیر ڈویژن میں کام کرنے والی J&KSCARD شاخوں کے کام کاج کے جائزہ کے سلسلے میں ایک میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ جہاں تک عوامی مفادات کا تعلق ہے اس باوقار ادارے کی کسی بھی شاخ کی جانب سے کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

 

 

انہوں نے تمام متعلقہ اداروں سے کہا کہ وہ اپنے متعلقہ یونٹس کے کام کو مزید ہموار کرنے کے لیے ایک موثر طریقہ کار وضع کریں تاکہ مقررہ اہداف حاصل کئے جا سکیں اور لوگوں کو فائدہ پہنچے۔انہوں نے جنرل منیجر اور دیگر پر مشتمل ایک جائزہ کمیٹی تشکیل دینے کی بھی ہدایت کی جو خراب کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی برانچوں کی مستقل بنیادوں پر نگرانی کرے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس سے ان برانچوں کے کام کو متاثر کرنے والے موجودہ مسائل کی نشاندہی کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی کارکردگی کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ کمیٹی پہلی سہ ماہی کے اختتام سے قبل اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔کمشنر سکریٹری نے مختلف اہم امور پر تفصیلی بات چیت کی جس میں ریزرو، ڈیپازٹس،قرضہ اور ایڈوانس، سی ڈی ریشو، این پی اے کے خلاف ریکوری، قرض کی تقسیم، نقد رقم اور متعلقہ معاملات شامل تھے۔