وادی میں دُھند اور ٹَھنڈ برقرار،9اور10دسمبر کو ہلکی برفباری کا امکان شمال، شمال مغربی، وسطی اور جنوبی کشمیر کے بالائی حصے متاثر رہیں گے

پرویز احمد

سرینگر// محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ 9اور10دسمبر کو وادی میں ہلکی برفباری کا امکان ہے اور اس دوران فضائی سروس متاثر ہوسکتی ہے۔ ادھر وادی میں شبانہ ٹھنڈ برقرار ہے اور کچھ روز سے صبح کے وقت دھند کی وجہ سے چلنے پھرنے میں مشکلات پیدا ہورہی ہیں۔محکمہ موسمیات کے ڈپٹی ڈائریکٹر مختار احمد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ 9دسمبر کی شام سے 10دسمبر کی دوپہر تک وادی بھر میں برفباری کا امکان ہے لیکن برفباری زیادہ تر علاقوں میں ہلکی ہوگی البتہ بالائی علاقوں میں زیادہ برف پڑ سکتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ زیادہ برفباری کا اثر کپوارہ، بارہمولہ، گریز، بانڈی پورہ، گلمرگ ، سونہ مرگ، پیر کی گلی، یوسمرگ، دودھ پتھری، کوکر ناگ اور پہلگام میں رہے گا۔انکا ہنا تھا کہ جنوبی کشمیر اور شہر سرینگر میں ہلکی برفباری کا امکان ہے۔ڈپٹی ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ اس دوران روشنی کم ہوگی اور سرینگر بین الاقوامی ائرپورٹ پر حد نگاہ کم ہونے سے فضائی ٹریفک میں خلل پڑ سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ موسمیاتی سسٹم کے مطابق 9 دسمبر (شام) سے 10 دسمبر (دوپہر) کے دوران میدانی اور زیریں علاقوں میں ہلکی برفباری کا امکان ہے، درمیانی اور اونچی جگہوں پر ہلکی سے درمیانی برف باری ہوسکتی ہے، خاص طور پر شمال، شمال مغربی، کشمیر کے وسطی حصے اور جنوبی کشمیر کے بالائی حصے متاثر رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ 9دسمبر کی سہ پہر تک موسم خشک رہے گا، اسکے بعد 11دسمبر سے بھی موسم خشک رہنے کی توقع ہے۔ ادھرخشک موسم کے درمیان، وادی کے بیشتر مقامات پر رات کا درجہ حرارت بدستور نقطہ انجماد سے نیچے رہا۔ سرینگر میں پارہ منفی 1.9 پر ٹھہرا جبکہ پہلگام میں منفی 2.8 اور گلمرگ میں منفی 2.0ڈگری سیلسیس رہا۔اننت ناگ میں منفی 3.9، بانڈی پورہ میں منفی 3.5، اور شوپیان میں سب سے کم منفی 4.6درج کیا گیا۔جموں میں 10.5،بانہال میں 0.4،بٹوٹ میں 4.2، بھدرواہ میں 1.8،کھٹوعہ میں 9.4، پونچھ میں 4.4، رام بن میں 4.5، ریاسی میں 8.3، سانبہ میں 7.2اور ادہمپور میں 7.6ڈگری رہا۔لیہہ لداخ میں منفی 5.4، کرگل میں منفی 1.5، دراس میں منفی 4.0، پدم میں منفی 7.5اور نیومہ میں منفی 8.2رہا۔