وادی میں جاری بجلی بحران مسعودی نے معاملہ لوک سبھا میں اُٹھایا

یو این آئی

سرینگر// نیشنل کانفرنس رکن پارلیمان حسنین مسعودی نے لوک سبھا میں وقفہ صفر کے دوران وادی میں بجلی کی سپلائی پوزیشن اور منفی درجہ حرارت میں پیش آرہے مشکلات کا مسئلہ اْجاگر کیا۔ انہوںنے کہاکہ وادی میں اس وقت درجہ حرارت منفی سے نیچے گر گیا ہے لیکن بدقسمتی سے بجلی کی فراہمی سب سے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی بحران کے ساتھ ساتھ سپلائی پوزیشن میں بھی کوئی معقولیت نہیںہے بلکہ 24گھنٹے آنکھ مچولی جاری رہتی ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ امسال توقع کے بجائے صورتحال بدتر ہوگئی ہے۔ انہوںنے مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا کہ مقامی سطح پر بجلی کی سپلائی میں ضابطگی لانے کے ساتھ ساتھ یہاں سے بجلی کی فراہمی میں اضافہ کیا جائے۔