وائلڈ لائف بورڈ کی چوتھی میٹنگ ماحولیاتی سالمیت کو مضبوط بنانا ترجیح:سنہا

سرینگر// لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے منگل کو سول سیکرٹریٹ میں وائلڈ لائف بورڈ کی چوتھی میٹنگ کی صدارت کی۔میٹنگ میں چیف سکریٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے شرکت کی۔لیفٹیننٹ گورنر نے شالہ بگ اور ہائیگام کو رامسر سائٹس قرار دینے پر افسران اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کو مبارکباد دی۔ اس ترقی کے ساتھ، مرکز کے زیر انتظام جموں کشمیر ویٹ لینڈ علاقوں کے سب سے بڑے نیٹ ورک کے لحاظ سے ملک میں چوتھے نمبر پر ہے۔انہوں نے جموں کشمیرکی قیمتی جنگلی حیات کے تحفظ اور کوششوں کی ستائش کی اور قدرتی وسائل کے مناسب استعمال، ٹریکنگ کے راستوں کو فروغ دینے اور انسانی وائلڈ لائف تنازعہ کے موثر تخفیف کے لیے حکمت عملی پر زور دیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے جنگلی حیات اور اس کے مسکن کے تحفظ کے لیے فعال اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔

 

 

 

انہوں نے مزید کہا کہ شکاریوں کے گٹھ جوڑ کو ختم کرنے کے لیے اسٹیک ہولڈرز کے درمیان زیادہ سے زیادہ ہم آہنگی کو یقینی بنایا جانا چاہیے۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا”جنگلی حیات کے رہائش گاہوں کی مربوط ترقی ہماری اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ ہماری کوششوں کو ماحولیاتی سالمیت کو مضبوط بنانے اور لوگوں کی شرکت کے ذریعے انمول وسائل کے تحفظ پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے،” ۔چیف وائلڈ لائف وارڈن نے جنگلی حیات اور ان کے رہائش گاہوں کے تحفظ میں کی گئی اہم کامیابیوں کا تفصیلی جائزہ پیش کیا۔بورڈ نے جموں اور سرینگر میں شہر کے جنگلات کی ترقی پر بھی تبادلہ خیال کیا اور مغل روڈ پر مسافروں کے لیے سہولیات کی ترقی سمیت کئی ایجنڈے کے نکات کو منظوری دی۔اس موقع پر “ہنگول پاپولیشن مانیٹرنگ ایکسرسائز، 2023” پر ایک اشاعت بھی جاری کی گئی۔